ایم ڈی واٹربورڈ کاواٹربورڈ کے مختلف دفاتر میں پڑے اسکریپ کا ریکارڈ مرتب نہ کئے جانے کا سخت نوٹس ٬تین یوم میں رپورٹ طلب کرلی گئی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے واٹربورڈ کے مختلف ڈویژنوں اور دفاتر میں پڑے اسکریپ کا ریکارڈ مرتب نہ کئے جانے کا سخت نوٹس لیا ہے ٬تین یوم میں رپورٹ طلب کرلی گئی ٬ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکریپ کی قواعد کے مطابق نیلامی کے لئے فوری اقدامات کریں٬تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اور چیف انجینئر الیکٹریکل و مکینیکل واٹربورڈ کے نام ایک مراسلے میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو نے اپنی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں واٹربورڈ کے مختلف ڈویژن دفاتر پمپنگ اسٹیشنز اور دیگر تنصیبات پر عرصہ سے موجود ناقابل استعمال مشینری ٬گاڑیوں ٬موٹروں ٬ جنریٹرز ٬ پائپ ٬ والوو سمیت دیگر کا اسکریپ عرصہ سے کے بارے میں رپورٹ مرتب کرنے اور اس کے قابل و ناقابل استعمال ہونے کے بارے میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی ٬جبکہ اسکریپ کے قواعد و قوانین کے تحت نیلام عام کیلئے ضروری کارروائی کیلئے بھی کہا گیا تھا تاہم اس کے بعد بھی کئی بار یاد دہانی کے باوجود ان احکامات پر اب تک کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے٬انہوں نے کہا کہ ضروری امور میں غیر ضروری تاخیر پر کوئی عذر قابل قبول نہیں ہے ٬ وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈکے احکامات اور منعقدہ اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پر فوری عملدرآمد ہونا چاہئے اس سے ہم اپنی کارکردگی کو بہتر بناسکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اندرون 3یوم صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ کے احکامات پرفوری عملدآمد کرتے ہوئے واٹربورڈ کے دفاتر اور تنصیبات میں موجود تمام اسکریپ کی فہرست مرتب کی جائے ٬پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے کر ان کے ناموں سے آگا ہ کیا جائے جو اس سامان کا تفصیلی معائنہ کرکے ان کے ناقابل استعمال ہونے کی تصدیق کرے گی علاوہ ازیں فوری طور پر تمام قانونی تقاضے پورے کرکے تمام اسکریپ کو نیلام عام کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔