Live Updates

پارٹی کارکنان آئندہ انتخابات کی بھرپور تیاری کرلیں ٬ 2018ء کے انتخابات کا دن ملک بھر میں تیر کی فتح کا دن ثابت ہوگا ٬ صدر پیپلزپارٹی سندھ

نواز شریف اور عمران خان دونوں بند گلی میں پھنس چکے ہیں٬ عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کرکے خود کو بھی مودی کا یار ثابت کیا ہے٬ نثارکھوڑو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنان آئندہ انتخابات کی بھرپور تیاری کرلیں ٬ 2018ء کے انتخابات کا دن ملک بھر میں تیر کی فتح کا دن ثابت ہوگا اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنا کر دکھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انھو ںنے جمعہ کو پیپلز سیکریٹریٹ کراچی اور اپنی رہائش گا ہ پر مبارکباد کے لیئے آنے والے ہزاروں کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان دونوں بند گلی میں پھنس چکے ہیں ٬ نواز شریف کے بعد ایک آمر کے ریفرینڈم کے حمایتی عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کرکے خود کو بھی مودی کا یار ثابت کیا ہے اور یہ دونوں مزید ملک کے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ن لیگ پیپلز پارٹی کے چار مطالبات تسلیم کرلے ورنہ 27دسمبر کے بعد نواز شریف کو بند گلی سے بھی نکلنے کا موقع نہیں ملے گا ۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی ناکام پالیسیوںکی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہورہا ہے تو دوسری طرف پانامہ لیکس معاملے کے بعد نوا ز شریف کے وزرات عظمیٰ کے عہدے پر بھی سوالیہ نشان آچکا ہے اسلئے وہ خود کوبھی احتساب کے لیئے پیش کریں اور پیپلز پارٹی انھیں بھاگنے نہیں دے گی۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی غیر آئینی طریقے سے تبدیلی کے عمل کی حمایتی نہیں ہے تاہم نواز شریف جمہوری طریقے سے گھر چلے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ابھی بھی ہوش سے کام نہیں لیا تو 27دسمبر کے بعد دمادم مست قلندر کی شروعات ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ کراچی کسی ایک کی جاگیر نہیں ہے اب ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی کی عوام بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے ٬ اب آئندہ انتخابات میں کراچی میں بھی تیر چلے گا۔پیپلز سیکریٹریٹ کراچی میں کارکنا ن سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ کارکنان کراچی کی گلی گلی میں جاکر تنظیم کو مضبوط کریں ہم ان سب کے ہاتھ کاٹ دینگے جنھوں نے ہمارے کارکنان کی گردنوں کو نشانہ بنایا ۔

انھو ں نے کہا کہ کراچی میں تعصب کی سیاست اور دہشتگردی نے بہت کچھ برباد کیا ہے ٬ہم امن وامان میں کسی کو خلل ڈالنے نہیں دینگے۔ انھوں نے کہا کہ آج گھر کے بھیدی ایک دوسرے کے راز کھول رہے ہیںاور وہ لوگ جو سندھ کے ٹکڑے کرنے کی بات کررہے تھے وہ خود ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے ہیںان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ہم سندھ دھرتی کے متعلق ایک بھی برا لفظ برداشت نہیں کرینگے۔

انھوں نے کہا کہ پہلے کسی کی سیٹی پر اٹھ کھڑے ہونے والے اب ڈُگڈگی پر ناچنے کو تیار ہوگئے ہیں ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کے اسٹیٹ بینک کو سندھ سے لاہور منتقل کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں اورسندھ ن لیگ کی اس سازش کوکبھی بھی کامیاب ہونے نہیں دیگی۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف ہولی کو دیوالی سمجھتے ہیں اور انھیں ہولی اور دیوالی کے فرق کا پتا ہی نہیں ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 30اکتوبر کو گھوٹکی میں پاکستان کی سب سے بڑی دیوالی منائے گی او ر اس تقریب میں بلاول بھٹو زرداری شرکت کرینگے ۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہ ڈرائنگ روم کی سیاست کرتی ہے نہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر فیصلے کرتی ہے ۔اب سندھ میں تنظیم کے باقی تمام عہدوں کا جلد اعلان کیا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ سب کے لیئے ہر وقت دروازے کھلے ہیں اور بلاول بھٹو زرداری نے جو ذمہ داری دی ہے اسے بھرپورنبھائونگاجس کے لیے سب کارکنا ن کا ساتھ چائیے ۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں ٬ صوبائی وزراء سمیت ہزاروں کارکنان نے نثار احمد کھوڑو کو سندھ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیںاور مٹھائیاں تقسیم کی گئی اور بھنگڑے ڈال کر نعرے بازی کی گئی ۔اس موقع پر ایک میلے کا سماں تھا ۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پارٹی کے تمام کارکنان کو ساتھ لے کر چلوں گا٬ کارکنان نظم وضبط او راتحاد کا مظاہرہ کرکے آئندہ انتخابا ت کی تیاری شروع کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات