مافیا کی جانب سے غیر قانونی طور پر قبضہ کئے گئے تقریباًایک ہزار لیبر اپارٹمنٹس کو خالی کرایا جائے ٬وزیراعلیٰ سندھ

سیسی ٬ صوبائی ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مقاصد اور کام تقریباً ایک جیسے ہیں٬ان کو ایک ادارے میں ضم کیا جائے ٬سید مراد علی شاہ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 21 اکتوبر 2016 19:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سخت اور پالیسی فیصلہ لیتے ہوئے ڈویژنل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مافیا کی جانب سے غیر قانونی طور پر قبضہ کئے گئے تقریباًایک ہزار لیبر اپارٹمنٹس کو خالی کرائے۔انہوں نے یہ فیصلہ جمعہ کو نیوسندھ سیکریٹریٹ کے ساتویں فلور پر محکمہ لیبر کے مسائل سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے محنت سینیٹر سعید غنی٬صوبائی مشیر قانون مرتضیٰ وہاب٬چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن٬ سیکریٹری لیبر رشید سولنگی٬سیکریٹری خزانہ حسن نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔صوبائی مشیر برائے محنت سعید غنی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گلشن معمار میں صنعتی ورکرز کیلئے ایک ہزار اپارٹمینٹس تعمیر کئے گئے تھے اور یہ اپارٹمینٹ ورکرز کو قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کئے گئے تھے٬مگر انکے قبضے ورکرز کو نہیں دیئے جا سکے ہیں٬جسکا سبب یہ ہے کہ پولیس اور دیگر محکموں اور نجی اداروں کے لوگوں نے ان پر غیر قانونی طریقے سے قبضہ کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی اعجاز علی خان کو ہدایت کی کہ وہ ان اپارٹمینٹس کو خالی کرانے کیلئے ضروری کاروائی کریں اور انہیں رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل قبول نہیں ہے٬کیونکھ جب فلیٹس ورکرز کیلئے بنے ہیں تو یہ انہیں ہی ملنے چاہیں۔سیکریٹری لیبر رشید سولنگی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد 765000ہے۔انہوں نے کہا کہ ورکرز اور انکے اہلخانہ کو پانچ اسپتالوں٬ پانچ میڈیکل سینٹر اور 39ڈسپینسریوں میں صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ آئی ایل او کنوینشن کے تحت تمام ورکرز/لیبر حتیٰ کہ سیلف ایمپلائیڈ یعنی پتھاریداروں٬ریڑی والوں کو بھی یونیورسل سوشل سیکیورٹی فراہم کی جائیں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ان سے منیمم ویج کا 3فیصد جمع کرکے انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائے۔انہوں نے پلان پر عملدرآمدکے میکنیزم کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کی جانب سے ایک بینظیر کارڈ جاری کرکے اسے رجسٹرڈ ورکرز کو دیا جائے۔

جس کے تحت وہ صحت اور تعلیم کی سہولیات سے مستفیض ہو سکیں۔سیلف ایمپلائیڈورکرزیہ سہولت مختلف مہم کے ذریعے حاصل کر سکے گے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس میں اپنا فائدہ دیکھیں گے تو وہ اس میں حصہ لیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ تجویز صوبے میں رہنے والے ہر ایک ورکرکیلئے اچھی ہے۔انہوں نے صوبائی مشیر پر زور دیا کہ وہ ایک تفصیلی پلان تیار کریں اورمختلف فورم پر کھلے مباحثے کے ذریعے اس پر بات چیت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ اس پر سب متفق ہوجائیں تو ہم اس کی منظوری دے دیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ محنت کو ہدایت کی کہ وہ اپنے رجسٹرڈ765000ورکرز اور انکے اہلخانہ کا ڈیٹا بیس تیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ آپ کو چاہیے کہ آپ کمپیوٹرائیز سسٹم کے تحت ہر ایک ورکرزاور اس کے اہل خانہ کا مناسب ریکارڈ اور اسکی تفصیلات رکھیں اور اسی طرح کے انتظامات محکمہ لیبر کی صحت کی سہولیات کے حوالے سے بھی کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مناسب ریکارڈ رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لازماً فائدہ اٹھانا چاہیے٬ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ سیسی ٬ صوبائی ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مقاصد اور کام تقریباً ایک جیسے ہیں٬لہذاہ سعید غنی نے مشورہ دیا کہ ان تمام کو ایک ادارے میں ضم کیا جائے تاکہ غیر ضروری ڈپلیکیشن سے بچا جا سکے گااور یہ مالکان اور ورکرکیلئے بھی آسان ہوگاکہ وہ ایک سنگل پلیٹ فارم کے تحت تمام معاملات ڈیل کرسکیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز کو سراہتے ہوئے سعید غنی کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور ایڈووکیٹ جنرل کے ساتھ بیٹھ کر اس حوالے سے تیاری کریں اور اپنی تجویز پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ غریب ورکر کامعیار زندگی بہتر ہو اور اسے اچھی تعلیم اور صحت کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جو بھی تجاویز ہیں پیش کی جائیں ان پر غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ10.39بلین روپے کا ورکرز پرافٹ پارٹی سپیشن فنڈ ناظر کے دفتر میں جمع ہے٬ کیونکہ ھائی کورٹ میں اس حوالے سے چند پٹیشنز داخل ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ ضمیر گھمرو کو ہدایت کی کہ وہ اس رقم کو ریلیز کرائیں تاکہ اسے کارکنوں کی فلاح بہبود کیلئے ویلفیئر فنڈ میں منتقل کیاجا سکے۔صوبائی مشیر برائے محنت سعیدغنی نے واضح کیا کہ گھگھر٬ کراچی اور ڈھرکی میں دو مزید لیبر کالونیاں قائم کرنے کی بہت ضرورت ہے۔

اس مقصد کیلئے انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو درخواست کی کہ وہ 200ایکڑ زمین جس میں سے 100ایکڑ زمین گھگھر اور 100ایکڑ ڈھرکی کیلئے ورکرز ویلفیئر بورڈ کو الاٹ کی جائے ٬جیسا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ رجسٹرڈ ورکرز کو ہائوسنگ کی سہولیات فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ محنت ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے تفصیلی تجویز بھیجے۔

متعلقہ عنوان :