وفاقی اکائیوں کی ترقی وخوشحالی سے ہی وفاق مستحکم ہوگا٬ محمد خان اچکزئی

صوبے میں پسماندگی اور احساس محرومی موجود ہے جسے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے نتیجہ خیز اقدامات کرکے دور کیا جاسکتا ہے٬ گورنر بلوچستان موجودہ منتخب جمہوری حکومت کی عوام دوست کاوشوں کے نتیجے میں صورتحال میں بہتری آئی ہے ٬ وفد سے بات چیت

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وفاقی اکائیوں کی ترقی وخوشحالی سے ہی وفاق مستحکم ہوگا۔ ماضی کی غلطیوں اور ناانصافیوں کی وجہ سے صوبے میں پسماندگی اور احساس محرومی موجود ہے جسے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے نتیجہ خیز اقدامات کرکے دور کیا جاسکتا ہے۔ موجودہ منتخب جمہوری حکومت کی عوام دوست کاوشوں کے نتیجے میں صورتحال میں بہتری آئی ہے تاہم حکومتی پالیسیوں اور موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد مستحکم کرنے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

یہ بات انہوں نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکریٹری شاہد رشید کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ گورنر نے کہا کہ عوام کے مابین اختلاف اور شکایات کا ہونا کوئی مایوس کن بات نہیں البتہ جمہوریت اور جمہوری اقدار کو فروغ دے کر ان مسائل ومشکلات پر آسانی سے قابو پایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر کو اطمینان بخش قراردیا کہ ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل برقرار ہے اور تمام مسائل ومشکلات باہمی افہام وتفہیم٬ مکالمے اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہدای منصوبہ خطے میں غیرمعمولی ترقیاتی سرگرمیوں کا نقطہ آغاز ہے اور یقینی طور پر پاکستان اور بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا تاہم اس سلسلے میں مقامی آبادیوں کے تحفظات کو دور کیا جانا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو اس سے مستفید کرنا ضروری ہے تاکہ صوبے کے تمام لوگ اس منصوبے کو اپناسکیں۔

انہوں نے آئین میں کی گئی اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو دیئے گئے اختیارات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام بہت پہلے ہونا چاہئے تھا تاہم اب بھی اس اقدام کے مثبت اور بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ گورنر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے تاہم انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم خاص طورسے جدید تعلیم وہنر سے آراستہ کرکے اس قابل بنایا جاسکتا ہے کہ وہ اپنی توانائیاں ملک وقوم کی تعمیرو ترقی کے لئے بروئے کار لائیں۔

متعلقہ عنوان :