بلدیہ شرقی کے طبی مراکز میں دوائوں٬ لیبارٹری سمیت دیگر سہولیات فراہم کریں گے٬ معید انور

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بلدیہ شرقی میں موجود ہیلتھ یونٹس کو بہتری کی جانب گامزن کیا جائے گا٬ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے طبی مراکز میں لیبارٹری٬ ادویات و دیگر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی منظور عباسی٬ سی ایم او ڈاکٹر شاہد فیاض کے ہمراہ بلدیہ شرقی کے طبی مراکز کے انچارجز سے اجلاس کے دوران کیا۔ چیئرمین بلدیہ شرقی کو پی آئی بی٬ محمود آباد٬ منظور کالونی٬ سولجر بازار و دیگر طبی مراکز میں موجود مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی اور بہتری لانے کے حوالے سے تجاویز بھی دی گئیں جبکہ بلدیہ شرقی کے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے اسٹاف کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ شرقی نے کہا کہ مرحلہ وار بلدیہ شرقی میں موجود طبی مراکز کے دورے کر کے ازخود صورتحال کا جائزہ لوںگا اور اس کے بعد جو صورتحال سامنے آئے گی اس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ اجلاس میں بلدیہ شرقی کے طبی مراکز کے انچارجز ڈاکٹر شیبا ارم٬ ڈاکٹر غزالہ رئیس٬ ڈاکٹر بشری اسرار٬ ڈاکٹر احسن سراج٬ ڈاکٹر فردوس بانو٬ ڈاکٹر شہزادہ زاہد ودیگر نے شرکت کی۔