صحت کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عملی اقدامات کرنے ہوں گے٬ جان محمد بلوچ

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کے حوالے سے بلدیاتی سرکاری میٹرنیٹی ڈسپنسریز اور اسپتالوں میں سہولیات کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے٬ سرکاری ڈسپنسریز اور اسپتالوں میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے٬ عوام کو صحت کے حوالے سے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ آسو گوٹھ میٹرنیٹی ہوم کے دورے کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انچارج میٹرنیٹی ہوم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈسپنسری میں سب سے اہم مسئلہ ادویات کا نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے آنے والے مریضوں کو طبی سہولیات دینے سے قاصر ہیں٬ فرنیچرو مریضوں کے بستروں کی کمی اور پینے کا پانی جیسے مسائل کا سامنا ہے٬ عمارت کی مرمت٬ رنگ و روغن اور لائٹنگ کے مسائل بھی درپیش ہیں۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ میٹرنیٹی ہوم میں رنگ و روغن٬ لائٹنگ اور بلڈنگ میں جو بھی کام ہیں ان کو فوری کروایا جائے٬ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔