آگے بڑھنے کے لئے نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ہو گا٬ سینیٹر نہال ہاشمی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان ریاست کے خلاف جنگ کریں گے تو انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ریاست کمزور نہیں ہے٬ ہمیں آگے بڑھنے کیلئے نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز دائود یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں یونیورسٹی کے 168 طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں الیکٹرانک انجئیرنگ٬ کیمیکل٬ انرجی٬ ٹیلی کمیونیکیشن٬ کمپیوٹر سسٹم٬ پیٹرولیم اینڈ گیس٬ انرجی اینڈ انوائرمنٹ٬ انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ اور آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ انجینئرنگ کے طالب علم شامل تھے۔

(جاری ہے)

سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کی شدید خواہش رکھتے ہیں٬ جب تک وہ وزیراعظم نہیں بن جاتے وہ کسی ادارے اور نظام کو نہیں مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ریاست کے خلاف جنگ کریں گے تو انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ریاست کمزور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں٬ ان کو بہتر وسائل میسر آجائیں تو یہ ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کریں گے۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے طالب علموں کو جو لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا گیا ہے اس کے ساتھ ان کا پیغام بھی ہے کہ انہوں نے آپ پر اعتماد کیا ہے اور وہ آپ کو آگے بڑھ کر ملکی ترقی میں حصہ لیتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ جب پاکستان اپنی صد سالہ آزادی کی تقریبات منا رہا ہو گا تو آپ نوجوان اس وقت پاکستان کو دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنا چکے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ہم وہ ترقی کی منازل نہیں طے کر سکے جو ہمیں کرنی چاہئے تھیں۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ میں طالب علموں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کو ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا اور آپ کو اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ* 80ء کے دہائی سے لے کر اب تک ہمارا ملک تجربہ گاہ بنا ہوا ہے اور یہاں پر سیاست اور اداروں میں تجربے کئے جا رہے ہیں٬ ملک اب ان تجربوں کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا بے حد مشکور ہوں٬ ان کی اس طرح کی اسکیموں سے طالب علموں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ اس طرح کے پروگرام آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔