خیبر پختونخوا میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے 356چھوٹے پن بجلی گھر کے منصوبوںپر کام جاری ہے٬محمد عاطف خان

107کے قریب مکمل کئے جاچکے ہیں جس سے عوام کو بلاتعطل 24گھنٹے بجلی مہیا کی جارہی ہے ٬ وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 21 اکتوبر 2016 18:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر برائے تعلیم٬ توانائی و برقیات محمد عاطف خان نے کہاہے کہ صوبے سے اندھیروں کے خاتمہ کے لئے پانچ ارب روپے کی لاگت سے 356چھوٹے پن بجلی گھر کے منصوبوںپر کام جاری ہے جس میں 107کے قریب مکمل کئے جاچکے ہیں جس سے عوام کو بلاتعطل 24گھنٹے بجلی مہیا کی جارہی ہے ۔ وہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کی26کے تحصیلد ار کورونہ سری بہلول میں 35لاکھ روپے کی لاگت سے 30کلو واٹ پن بجلی گھر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب سے ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین ایم پی اے افتخار علی مشوانی اورپیڈو کے چیف ایگزیکٹو اکبر ایوب خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ایم پی اے زاہد درانی٬ سیکرٹری توانائی و برقیات انجنیئر نعیم خان ٬تحصیل مردان کے ناظم محمد ایوب خان ٬ضلعی کونسلرز انجنیئر عادل نواز٬شیر بھادر خان٬سعید خان تحصیل کونسلر ایاز صافی ٬الیاس طورو اور دیگربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمدعاطف خان نے کہا کہ 356پن بجلی گھر منصوبوں سے صوبے کے ساڑھے تین لاکھ لوگوں کو بجلی کی مفت سہولت میسر آئے گی ۔صوبائی حکومت نے ساڑھے تین سال میں 1200میگا واٹ بجلی کے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے اور حکومت کی مدت مکمل ہوتے ہی صوبے سے اندھیروں کا خاتمہ ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پانچ سال حکومت کا حصہ رہنے والوں نے اپنے دور میں 56میگا واٹ بجلی کے منصوبے شروع کئے اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ساڑھے تین سال میں 12سو میگا واٹ منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چترال٬دیر ٬سوات اور کالام میں ایک سو سات چھوٹے پن بجلی گھر مکمل کئے جاچکے ہیں جس سے ایک لاکھ سے زاہد لوگوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں 700مزید پن بجلی گھر وں کے لئے فنڈز رکھے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مردان میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہیں۔تین ارب روپے کی لاگت سے پی کے 26میں ملکی نوعیت کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج کا سنگ بنیاد اور ایک ارب روپے کی سپیشل اپ لفٹ پروگرام پر بھی کا م کا آغازجلد ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مردان میں33کروڑ روپے کی لاگت سے بین الاقوامی معیار کے سپورٹس کمپلیکس اور30کروڑ روپے کی لاگت سے گرلز ماڈل سکول پر کام کا آغاز ہو گیا ہے اور ایک سال کے اندر وہ بھی مکمل ہونگے۔مردان میں پارک کے لئے تین سو کنال اراضی لی گئی ہے جس کا سنگ بنیاد بھی آئندہ ماہ رکھا جائیگا ۔مردان میں وومن یونیورسٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور اب یونیورسٹی کے لئے اراضی کے حصول میں بعض لوگ رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں ان سے گزارش ہے کہ عوام کی فلاح و بہود اور مردان کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے لئے وہ ہر وقت حاضر ہیں٬عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کر رہے ہیں٬ہم نے مردان کی ترقی کی قسم اٹھائی ہے اور مردان کی ترقی کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے پیڈو کے چیف ایگزیکٹو اکبر ایوب نے کہا کہ اس منصوبے پر 35لاکھ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ چار ماہ میں مکمل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے 30گھروں٬دکانوں٬ ایک سکول اور ایک بی ایچ یو کو 24گھنٹے بلا تعطل مفت بجلی فراہم ہو گی۔

متعلقہ عنوان :