کامران مائیکل آئندہ ماہ انٹونیو گٹرس کی دعوت پر پرتگال کا دورہ ٬اقوام متحدہ کے نومنتخب سیکرٹری جنرل سے ملاقات کرینگے

پاکستان میں دہشتگردی پر قابو پالیا گیا ٬ا ب ہم امن و استحکام اور تعمیر وترقی کے نئے دورمیں داخل ہورہے ہیں٬پاکستانی قوم کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیو ں سے پورے خطے کا امن وابستہ ہے٬ عالمی برادری ان قربانیوںکو قدر کی نگاہ سے دیکھے ٬وفاقی وزیر انسانی حقوق کی پرتگالی تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 17:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل اقوام متحدہ کے نومنتخب سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹرس کی دعوت پر آئندہ ماہ پرتگال کے دورہ کے موقع پر ان سے ملاقات کرینگے۔ جمعہ کو اسلام آباد میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے تاجربرادری کے ایک وفد نے ولیم مونٹیریو کی سربراہی میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل سے ملاقات کی ۔

وفد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ کی راہنما آمنہ ملک سمیت دیگر وزارت انسانی حقوق کے متعلقہ حکام بھی موجو دتھے ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونو ں دوست ممالک کے درمیان کاروباری مواقعوں اور باہمی تعلق کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کامران مائیکل نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جامع حکمت عملی کی بدولت پورے ملک میں دہشتگردی پر قابو پالیا گیا ہے٬ اور اب ہم امن و استحکام اور تعمیر وترقی کے نئے دورمیں داخل ہورہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جو لازوال قربانیا ں دی ہیں۔ اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن کا وابستہ ہے۔ کامران مائیکل نے کہا کہ پورے خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستانی قوم نے جو قربانیا ں دی ہیں٬ بین الاقوامی برادری کو ان قربانیوںکو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے ۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ عرصے کے دوران بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے منا سب اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں جس سے ملک میں بیرو نی سرمایہ کاری کیلئے حالات سازگا رہوئے ہیں۔ وفد کے اراکین نے حکومت پاکستان اور خاص طور پر وزارت انسانی حقوق کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں مزید تعاون کا یقین دلایا۔(ار)