موجودہ ذہنی اور نظریاتی خلفشار سے نکلنے کی خاطر دو قومی نظریے کی صداقت کو تسلیم کرنا ناگزیر ہے‘ پروفیسر ڈاکٹر فریق احمد

تحریک پاکستان جذبوں اور ولولوں کی داستان ہے ٬ہر پیر و جواں نے دامے٬ درمے٬ سخنے اور قدمے حصہ ڈالا‘ گلگت بلتستان کے وفد سے گفتگو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین اور سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا ہے کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ دائیں بائیں کی تقسیم میں الجھنے کی بجائے قوم کو علمی انداز میں نظریہٴ پاکستان کی اہمیت سے روشناس کرا رہا ہے٬موجودہ ذہنی اور نظریاتی خلفشار سے نکلنے کی خاطر دو قومی نظریے کی صداقت کو تسلیم کرنا ناگزیر ہے٬ تحریک پاکستان جذبوں اور ولولوں کی داستان ہے جس میں ہر پیر و جواں نے دامے‘ درمے‘ سخنے اور قدمے حصہ ڈالا۔

ان خیالات کا اظہار ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں انہوں نے گلگت بلتستان سے آئے ہوئے ایک وفد سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ وفد کی سربراہی حکومت گلگت بلتستان کے ترجمان اور میڈیا ایڈوائزر فیض الله فراق نے کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد تعمیر پاکستان کے عمل میں بھی پاکستانی قوم نے کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں۔

حصول آزادی کے وقت ہم مادی وسائل سے بالکل تہی دامن تھے تاہم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک عظیم مملکت کی بنیادیں رکھنے میں کامیاب ہو گئے۔ ہم نے صفر سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور الحمدلله آج ہم مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قابل رشک ترقی کر چکے ہیں۔ اگرچہ ہمیں گوناں گوں مسائل درپیش ہیں لیکن الله کی نصرت سے ہم بہت جلد وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر لیں گے۔

ہمارا ازلی دشمن بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے مسلسل سازشیں کر رہا ہے اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے لیکن حکومت‘ عوام اور افواج پاکستان کے عزم صمیم کی بدولت آپریشن ضرب عضب کامیاب ہو چکا ہے اور دشمن کی سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔ وفدکے سربراہ فیض الله فراق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پاکستانیت کے فروغ کا نام ہے اور انشاء الله ہم گلگت بلتستان میں نظریہٴ پاکستان فورم قائم کر کے وہاں بھی پاکستان کے اساسی نظریے کا بھرپور پرچار کریں گے۔

متعلقہ عنوان :