وزیر اعظم فاروق حیدر کی زیر صدارت 24اکتوبر یوم تاسیس اور 27اکتوبر یوم سیاہ کے انتظامات بارے اعلیٰ سطح کا اجلاس

وزیراعظم کی کشمیر ایشو کو نصاب میں شامل کرنے کی ہدایت

جمعہ 21 اکتوبر 2016 16:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کشمیر ایشو کو نصاب میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 24اکتوبر یوم تاسیس اور 27اکتوبر یوم سیاہ کے انتظامات کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق حیدر نے کہا کہ نئی نسل کوکشمیر ایشو سے روشناس کرنے کیلئے یونیورسٹیوں اور کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرام منعقد کروائے جائیں اور نصاب میں کشمیر ایشو کو بطور خاص شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہی حاصل ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال یوم تاسیس کو شایان شان طریقے سے منا ئیں گے اور اس موقع پر کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری ظلم وبربریت کو بھرپور اندازمیں اجاگر کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر بڑی احتجاجی ریلی منعقد کی جائے گی جس میں وزرائ حکومت٬ممبران اسمبلی٬سیکرٹریز ٬سربراہان محکمہ جات اور ملازمین کے علاوہ شہریوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائیگااس موقع پر سکولوں ٬کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کشمیر ایشو کے حوالہ سے تحریری وتقریری مقابلہ جات منعقد کروائے جائیں جن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو حکومت انعامات بھی دے گی۔

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ہمارا عارضی ٹھکانہ ہے ریاست کا مستقل دارالحکومت سرینگرہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب ہم سب ریاست کی حقیقی دارالحکومت میں اکھٹے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی تاریخ کے بارہ میں مکمل آگاہی فراہم کرنا ہمارافرض ہے تاکہ کشمیر ایشو کے ساتھ ہمارا تعلق قائم رہے اور ہماری نوجوان نسل کا آگاہی ہو۔