نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کا نیب کی طرف سے 240 متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب عوام اپنی محنت سے کمائی گئی دولت سرمایہ کار کمپنیوں کے حوالے کرنے سے قبل ان کے بارے میں معلومات حاصل کر لیں٬ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے ٬وہ قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی بیورو کی طرف سے سرکاری اداروں٬ مضاربہ سکینڈل سمیت 240 متاثرین میں 7 کروڑ 51 لاکھ 95 ہزار روپے کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوسی خطاب کر رہے تھے۔

سردار محمد یوسف نے بدعنوانی کے مقدمات کی موثر پیروی کرنے اور خوردبرد کی گئی رقم کی برآمدگی کیلئے بھرپور کارروائی کرنے پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بدعنوانی سے پاک معاشرے کیلئے اپنے تعاون اور گزشتہ تین سال میں حج کے دوران بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے وزات مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ منافع کی لالچ میں غیر منظور شدہ سکیموں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صرف حکومت سے منظور شدہ بینکنگ نظام اور سرمایہ کار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی ظاہر شاہ نے کہا کہ عوام اپنی محنت سے کمائی گئی دولت ایسی سرمایہ کار کمپنیوں کے حوالے کرنے سے قبل ان کے بارے میں معلومات حاصل کر لیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی احتساب بیورو چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں معاشرے کو بدعنوانی اور بدعنوان عناصر سے پاک کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ پاکستان کو بدعنوانی سے پاک ملک کے خواب کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

نیب بدعنوانی کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی پر عمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ نیب کی بدعنوانی کے خاتمے کی مہم قانون پر عملدرآمد٬ تدارک اور آگاہی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب تمام متعلقہ فریقوں کی شراکت سے ملک سے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے۔ نیب افسران چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں اپنا قومی فرض دیانتداری٬ پیشہ واریت اور بلا امتیاز طریقہ سے نبھانے کیلئے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر ہائوسنگ سوسائٹیز اور مضاربہ سکینڈل سمیت مندرجہ ذیل متاثرین میں چیک تقسیم کئے گئے۔ چیف ایگزیکٹو میسرز کیپٹل بلڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر نے سیکٹر سی 17 اسلام آباد میں نیو اسلام آباد گارڈن کے نام سے ہائوسنگ سکیم شروع کی مذکورہ ہائوسنگ سکیم کی انتظامیہ نے 2005ء میں سی ڈی اے سے منظوری حاصل کئے بغیر 3 ہزار سے زائد پلاٹ بک کئے جبکہ اس وقت کمپنی نے صرف 350 کنال زمین خریدی۔

نیب نے عوام کی شکایت پر اس معاملے کی تحقیقات کیں٬ قانونی کارروائی اور نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد ملزم نے رقم کی رضا کارانہ واپسی کیلئے پلی بارگین کی درخواست دی جسے ڈائریکٹر جنرل نیب نے قبول کیا اور بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے اس کی منظوری دی۔ ملزم چوہدری تصدق پرویز نے نیب میں جمع کرائے گئے 1145 متاثرین کے کلیمز پر پلی بارگین کے تحت 208.67 ملین روپے کی رقم جمع کرائی۔

نیب چوتھے مرحلے میں اس سکیم کے متاثرین میں 185.14 ملین روپے تقسیم کر چکا ہے جبکہ پانچویں مرحلے میں 12 متاثرین میں 2.91 ملین روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ سی ڈی اے کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کے کیس میں شیخ ظفر محمود اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشن کے دوران ملزم شیخ ظفر کو اختیارات سے تجاوز اور بدعنوانی کے الزامات کے ذریعے 10.103 ملین روپے کے نقصان پہنچانے پر گرفتار کیا گیا۔

اس نے پلی بارگین کے ذریعے یہ واجب الادا رقم ادا کی جو کہ سی ڈی اے کے حوالے کی گئی۔ الآصف مارکیٹنگ نیٹ ورک و دیگر کیخلاف مقدمے میں ملزم حسین احمد ذیشانی نے بدعنوانی کے ذریعے 2.506 ملین روپے کا نقصان پہنایا۔ اس نے تمام واجب الادا رقم پلی بارگین کے ذریعے ادا کی۔ مذکورہ ملزم سے وصول شدہ رقم السیف مارکیٹنگ نیٹ ورک لمیٹڈ و دیگر کے متاثرین میں تقسیم کی گئی۔

بزنس مین میچوئل ہائوسنگ سوسائٹی سے پلی بارگین کے ذریعے 5.58 ملین روپے وصول کر کے 110 متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔ میسرز فیاضی انڈسٹریز گوجرانوالہ پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کیخلاف مقدمے میں نیب نے ڈائریکٹر عقیل عباسی کو گرفتار کیا۔ تحقیقات کے دوران نیب کو معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم لوگوں کو مضاربہ/مشاریقہ کاروبار کے ذریعے بھاری منافع کا لالچ دے کر بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی۔

نیب نے پلی بارگین کے ذریعے 14.77 ملین وصول کر کے 71 متاثرین میں تقسیم کئے۔ مضاربہ سکینڈل کے متاثرین کو یہ پہلی ادائیگی کی گئی ہے۔ پاکستان ہائوسنگ سوسائٹی کیخلاف انکوائری میں میسرز وی آئی پی مارکیٹنگ نے پی ایچ اے اپارٹمنٹ کی 100 فیصد فروخت کا معاہدہ کیا وہ یہ معاہدہ پورا کرنے میں ناکام رہی اور آخر کار ٹھیکہ ختم کر دیا گیا۔ نیب نے رضا کارانہ واپسی کے ذریعے 2.674 ملین روپے وصول کر کے پی ایچ اے کے حوالے کی ہے۔

میسرز مقبول کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ انتظامیہ٬ احتشام ملک کیخلاف انکوائری میں مذکورہ ملزم نے ترکش پرائم منسٹری ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نام پر تعمیراتی مشینری سازو سامان اور گاڑیوں کو غیر قانونی طریقے سے برآمد کر کے قومی خزانے کو کسٹم ڈیوٹی سے محروم کر کے نقصان پہنچایا۔ احتشام ملک نے بینک کے پے آرڈر کی ادائیگی میں بھی دھوکہ دہی کی۔

نیب نے مذکورہ ملزم کی 6.01 ملین روپے کی رضا کارانہ واپسی کے ذریعے یہ رقم وصول کر کے سیا کلیم انجینئرنگ کنسٹرکشن انڈسٹری اینڈ ٹریڈ کمپنی لمیٹڈ کے حوالے کی۔ سن سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ و دیگر کیخلاف انکوائری میں سوسائٹی کی انتظامیہ نے لوگوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے 45 ملین روپے اکٹھے کئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر آف میسرز سن سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ علی مرتضیٰ نے رضا کارانہ واپسی کے ذریعے 30 ملین روپے جمع کرائے۔

نیب نے پہلے مرحلے میں 22 ملین روپے متاثرین میں تقسیم کر دیئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں متاثرین میں 1.53 ملین روپے تقسیم کئے گئے۔ حکومت بنام سابق لائن سپرنٹنڈنٹ آر ای ڈویژن آئیسکو اسلام آباد امان اللہ کیخلاف مقدمے میں مذکورہ ملزم نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور غیر قانونی طریقے سے 1.74 ملین روپے کا ذاتی فائدہ حاصل کیا۔ نیب نے مذکورہ ملزم سے یہ رقم وصول کر کے آئیسکو کے حوالے کی۔

مفتی ثاقب (الصفاء پراپرٹیز اینڈ بلڈرز) و دیگر کیخلاف انوسٹی گیشن میں نیب نے مفتی ثاقب کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران نیب کو معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو بھاری منافع کا لالچ دے کر غیر قانونی مضاربہ کاروبار میں ان کی رقوم کی سرمایہ کاری کروائی ہے۔ نیب نے پلی بارگین کے ذریعے 18.32 ملین روپے وصول کر کے مضاربہ سکینڈل کے 32 متاثرین کے حوالے کئے ہیں۔

پاک پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کے افسران و دیگر کیخلاف حلقہ این اے 51 گوجر خان راولپنڈی میں سول ورکس کے ٹھیکے دینے سے متعلق انکوائری میں ٹھیکیدار ملزم ظفر خان نے 1.29 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب نے پلی بارگین کے ذریعے یہ رقم وصول کر کے پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کے حوالے کی ہے۔ حکومت بنام عبدالرحمن نوری و دیگر کے مقدمے میں ملزم نے پرائزبانڈ کی ان کیش منٹ میں فراڈ کیا۔ نیب نے پلی بارگین کے ذریعے 7.77 ملین روپے وصول کر کے مذکورہ رقم کنٹرولر ملٹری اکائونٹس کے حوالے کی۔

متعلقہ عنوان :