مظفر آباد:پیپلز پارٹی نے جماعتی بنیادوں اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کر دیا

جمعہ 21 اکتوبر 2016 15:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے آزاد خطہ میں عدالت العالیہ ٬ عدالت العظمیٰ کے دوٹوک غیر مبہم فیصلوں کے باوجود آزاد کشمیر میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کی حکومتی پالیسیوں کے خلاف آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا اور موقف اختیار کیا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پہلے تین ماہ کے عرصہ میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروانے کا وعدہ اپنے انتخابی منشور میں کررکھا ہے ۔

جبکہ رٹ پٹیشن کے ذریعے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی اس وقت کی اپوزیشن نے رٹ پٹیش ہاء دائر کررکھی تھیں جس پر معزز عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں اور ان سے انحراف توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی اپنے پیپلز لائرز فورم کے سینئر وکلاء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیکر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے عدالتوں سے رجوع کریگی اور اس ضمن میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ٬ سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور سے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائیگی۔

گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کے حکومتی اعلان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سابق مرکزی میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری روایات کا عملی مظاہرہ کیا ہے ۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم حکومت کے اچھے فیصلوں کو بخل کے بجائے فراخدلی سے سراہتے ہوئے عوامی قومی مفاد کے ہر اقدام میں تعاون کا یقین دلایا تھا لیکن اب صورتحال یکسر تبدیل ہورہی ہے ۔

وزیراعظم بلدیاتی انتخابات کروانے پر ہمیشہ ہر فورم پر زور دیتے رہے ہیں اور جب اب ان کی اپنی حکومت قائم ہوئی تو وہی لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں ۔ کہیں فنڈز کی کمی کا رونا اور کہیں انتظامی مجبوریاں اور کہیں سیاسی کارکنوں کی طرف سے مزاحمت ‘ اور کہیں پارلیمانی پارٹی کی طرف سے شدید مزاحمت بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کا دورانیہ سلور جوبلی سے تجاوز کرتا ہوا نصف جوبلی تک نہ پہنچ جائے ۔

اس لئے وزیراعظم کو فوری طور پر سخت گیر فیصلے کرنا ہونگے تاکہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے نئی سیاسی قیادت بلدیاتی نرسری کے ذریعے سامنے آسکے اور اسی طرح تعلیمی اداروں میں طلباء یونین پر عائد پابندی ختم کرکے طلباء یونین کے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق مرتب کیا جانا ناگزیر ہے ۔ اس عمل میں پیپلز پارٹی آل پارٹیز گرینڈ اپوزیشن الائنس کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ہوم ورک مکمل کریگی ۔

دریں اثناء صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان بھی پیپلز پارٹی کو دھمکیاں دینے اور ڈرانے دھمکانے کی فرسودہ روایت کو ترک کریں وہ اب حکومت میں ہیں جس نے چوری کی اس کا ہاتھ کاٹیں جس نے قتل کیا اس کی گردن اڑائیں جس نے قومی خزانے سے تجوریاں بھریں ان کی جائیدادیں سرعام نیلام کرکے نشان عبرت بناتے ہوئے پابند سلاسل کریں اور تاحیات ان پر عوامی عہدے کیلئے پابندیاں عائد کریں ۔

یہ سارے اختیارات ان کے پاس ہیں ۔ شوکت جاوید نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کو غیر جانبدار احتسابی عمل میں پوری قوم کی دوٹوک حمایت حاصل ہے وہ اللہ کا نام لے کر وہ حلیفوں اور حریفوں کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کرتے ہوئے چہروں اور رتبوں سے مبرا ہو کر ہاتھ ڈالیں ۔ نہ صرف آزاد کشمیر معاشی طور پر خود کفیل ہوجائے گا بلکہ آزادکشمیر میں بڑے پیمانے پر لوٹی ہوئی دولت سے آمدن یقینی ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے خلاف غیر شائستہ زبان استعمال کرنے والے حدود و قیود سے تجاوز نہ کریں جس دن ہماری زبان کھل گئی تو ہر طرف بھونچال آجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں شوکت جاوید نے کہا کہ تحریک انصاف نے 2نومبر کو پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کرکے پاکستان دشمنوں کی گود میں بیٹھ کر ملکی سالمیت کیخلاف محلاتی سازشوں کا جال بچھانا شروع کررکھا ہے لیکن پاکستان کیخلاف جس نے بھی ہرزہ سرائی کی اس کا حشر چشم فلک نے دیکھا اس لئے کہ پاکستان دوقومی نظریے کی بنیاد پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے طویل جدوجہد کے بعد حاصل کیا تھا۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کا محافظ بھی خدا کی ذات ہے ۔ پاکستان میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ٬ جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت جملہ سیاسی قیادت نے اصولی موقف اختیار کرکے پارلیمنٹ کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میثاق جمہوریت پر عملدرآمد کرکے غیر جمہوری قوتوں کے سامنے کوہ ہمالیہ جیسی دیوار کھڑی کردی ہے ۔ دہشتگردی انتہا پسندی ختم کرنے کیلئے جنرل راحیل شریف کی قیادت میں بہاد رافواج پاکستان نے آپریشن ضرب کے ذریعے سارا نیٹ ورک توڑ کر دنیا بھر میں پاکستان کو نیک نامی دلوائی ۔ 2نومبر کو تحریک انصاف کا شو اپنی موت آپ مرجائے گا جو مستقبل میں اس کے لئے ڈیتھ وارنٹ ثابت ہوگا۔