Live Updates

پیپلزپارٹی لانگ مارچ کی چمپئن ہے ٬ْ سولو فلائٹ لے کر عمران خان نے بڑی غلطی کی ہے ٬ْ 2نومبر کا دھرناکام ہوگا ٬ْ خورشید شاہ

خفیہ اجلاس کی باتیں لیک کروانا درست نہیں ٬ْ پیپلز پارٹی کے مطالبات نہ مانے گئے تو پارلیمنٹ میں احتجاج کرینگے ٬ْ انٹرویو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی لانگ مارچ کی چمپئن ہے ٬ْ سولو فلائٹ لے کر عمران خان نے بڑی غلطی کی ہے ٬ْ 2نومبر کا دھرناکام ہوگا ٬ْ خفیہ اجلاس کی باتیں لیک کروانا درست نہیں ٬ْ پیپلز پارٹی کے مطالبات نہ مانے گئے تو پارلیمنٹ میں احتجاج کرینگے ۔

ایک انٹرویو میں خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان 2نومبر کو ناکام ہو جائیں گے ٬سولو فلائٹ لے کر انہوں نے بڑی غلطی کی ہے کیونکہ سیاست میں سولو فلائٹ کبھی کامیاب نہیں ہوتی ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کو عمران خان کے خلاف ایکشن لینے کا اخلاقی جواز مل گیااس نے حکومت کو اپنے ہاتھ سے چابی دی ہے ٬ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزیراعظم انتہائی غیر سنجیدہ لوگ ہیں اور دونوں ناتجربہ کار ہیں جس کا نقصان عوام کو ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مضبوط بنانے میں نوازشریف کا ہاتھ ہے ٬ْخفیہ اجلاس کی باتیں لیک کروانا درست نہیں ہے ٬اجلاس کی باتیں باہر لانے میں حکومت ملوث ہے ٬ کم از کم اس سب کے پیچھے فوج کا ہاتھ نہیں ہو سکتا اور جن لوگوں نے خبر دی ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری ریلی ناراض لوگوں کو راضی کرنے میں کامیاب رہی اگر مطالبات نہیں مانے گئے تو پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے اور ہمارے مطالبات میں پانامہ ایشو نمبر ایک پر ہے ٬ ہم لانگ مارچ کے چمپئن ہیں وقت آیا تو دیکھ لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بند کرنا عمران خان کا کریمنل ایکٹ ہے ٬ حکومت پاک چین اقتصادی راہداری کو متنازع بنا رہی ہے ٬ اس منصوبے میں شفافیت کا مسئلہ ہے اصل معاہدوں پر عمل کیا جائے ٬ کسان احتجاج کے طور پر پارلیمنٹ کے باہر مکئی اور چاول جلا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول نے نہیں کہا کہ نوازشریف غدار ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات