صدرمملکت ممنون حسین 22اکتوبر کو قطر کے چار روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے

جمعہ 21 اکتوبر 2016 13:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) صدرمملکت ممنون حسین 22 سے 25اکتوبر تک قطر کا دورہ کریں گے٬ وہ امیر قطر اوردیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جس میں دونوں جانب سے باہمی تعلقات کے اہم پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی امور اور بین الاقوامی پیش ہائے رفت پربھی بات چیت ہوگی۔ دفترخارجہ کی طرف سے جمعہ کوجاری بیان کے مطابق پاکستان اورقطرکے درمیان تمام شعبوں میں شاندار تعلقات استوار ہیں٬ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور اقوام متحدہ و او آئی سی جیسے عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں عوامی سطح پر روابط کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔ قطر میں ایک لاکھ25ہزار سے زیادہ پاکستانی موجود ہیں جو قطر اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلے جاری ہیں ۔ مارچ2015ء میں امیر قطر نے پاکستان کا دورہ کیا اور اس کے جواب میں وزیراعظم نے فروری 2016ء میں قطر کا دورہ کیا جس سے برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین کے قطری قیادت کے ساتھ باضابطہ مذاکرات اورملاقاتوں میں توانائی کے شعبہ میں تعاون٬ تجارت٬ سرمایہ کاری ٬ دفاع اور قطر کی مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر توجہ مرکوز ہوگی۔ صدر مملکت کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :