بھارت متنازعہ قانون کے تحت گرفتار دو کشمیری لڑکوں کو رہاکرے٬ایمنسٹی کا مطالبہ

جموں وکشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار باقی تمام بچوں کے کیسوں کی تفصیلی تحقیقات بھی کی جائے٬بیان

جمعہ 21 اکتوبر 2016 13:08

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں متنازعہ پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس ای) کے تحت گرفتار کیے گئے دو لڑکوں کو رہا کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تنظیم نے ایک بیان میں بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ رئیس احمد میر اور وحید احمد گوجری کو یا تو رہا کرے یا پھر ان کے خلاف عالمی سطح پر تسلیم شدہ کسی جرم کے الزام میں کسی مناسب قانون کے تحت شفاف انداز میں مقدمہ چلائے۔

(جاری ہے)

تنظیم نے مزید کہا کہ بھارت ان نو عمر لڑکوں کو کم سے کم مدت کے لیے زیر حراست رکھے۔انھیں بچوں کے لیے مخصوص حراستی مرکز ہی میں رکھا جائے اور ان کے خاندانوں کو ان تک رسائی دی جائے۔ایمنسٹی نے اپنی اپیل میں یہ بھی مطالبہ کیا کہ جموں وکشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیے گئے ان دونوں لڑکوں کے علاوہ زیر حراست دوسرے تمام بچوں کے کیسوں کی تفصیلی تحقیقات کی جائے۔ تنظیم نے اس متنازعہ ایکٹ اور بھارت میں نافذ دوسرے تمام انتظامی حراستی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :