اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی کی عالمی ادارے کے آئندہ سیکرٹری جنرل انٹوینو گوٹریز سے ملاقات ٬ جنوبی ایشیاء٬ افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 12:14

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے عالمی ادارے کے آئندہ سیکرٹری جنرل انٹوینو گوٹریز سے ملاقات کی اور انہیں جنوبی ایشیاء اور افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے اس موقع پر دنیا کو درپیش چیلنجوں اور مواقع پربھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر انٹوینو گوٹریز کو وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے مشیرخارجہ برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات بھی پہنچائے۔ اس موقع پر انٹوینو گوٹریز نے مہاجرین اور درپیش چیلنجوں کے مقابلہ میں پاکستان کی طرف سے تحمل اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کئے جانے کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی حیثیت سے کئی بار پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستان کی طرف سے بہترین تعاون کا مشاہدہ کیا۔ انٹوینو گوٹریزیکم جنوری 2017ء کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔