لاڑکانہ میں چانڈکا اسپتال کے مزید پانچ مریضوں سمیت نو افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:46

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) لاڑکانہ میں چانڈکا اسپتال کے مزید پانچ مریضوں سمیت نو افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق٬ رواں سال ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد 63 تک جا پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث چانڈکا اسپتال کے تمام شعبوں میں داخل مریضوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق دوران اسکریننگ چانڈکا اسپتال کے آنکھوں کے شعبے میں داخل مزید پانچ مریضوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوگئی ہے جس میں ایک بچی بھی شامل ہے۔ دوسری جانب سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے ایڈز کے حوالے سے لگائے گئے آگاہی کیمپ میں بھی دوران اسکریننگ چار افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی۔

(جاری ہے)

ایم ایس چانڈکا اسپتال ڈاکٹر جاوید شیخ نے بتایا کہ ایچ آئی وی کا پھیلاؤ دیکھنے کے لئے پولیس اہلکاروں٬ اسکول اور کالیجز سمیت جیلوں کے قیدیوں کی بھی اسکریننگ کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک اندازے کے مطابق لاڑکانہ ڈویزن میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد پانچ ہزار سے زائد تک جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ لاڑکانہ سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1392 ہوگئی ہے جو تعداد بڑھنے کے خدشات ہیں۔