پاکستانیوں کے جعلی ویزوں پر لیبیا اسمگلنگ اسکینڈ٬ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نواز الحق ندیم کو معطل کردیا گیا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2016ء)ایف آئی اے اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے اسلام آباد ایئرپورٹ سے 350 پاکستانیوں کے جعلی ویزوں پر لیبیا اسمگل کیے جانے کے اسکینڈل کے بعد ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نواز الحق ندیم کو معطل کردیا گیا ہے ۔پاکستانی لیبیا میں اسمگل ہوئے ٬انسانی اسمگلنگ رواں سال جون٬ جولائی اور اگست کے مہینوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

مذکورہ انکشاف کے بعد ایف آئی اے اسلام آباد میں باقاعدہ تحقیقات شروع کردی گئی تھیںاور ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرائمز قمر زمان اس اسکینڈل کی تحقیقات کررہے ہیں٬تحقیقات ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نواز الحق ندیم اور دیگر5 اہلکاروں ندیم ظفر٬ بلال عباسی٬ ضیا الحسن٬ طارق اور عبدالرحمان کے خلاف شروع کی گئیں جن پر بھاری رقم لے کر جعلی ویزوں پر350 پاکستانیوں کو لیبیا اسمگل کیے جانے کا الزام ہے۔ایف آئی اے کے تحقیقاتی ذرائع نے بتایا کہ مسافروں کو یوگنڈا اور سوڈان کے جعلی ویزوں پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے ترکی کی ٹرانزٹ پرواز پر کلیئر کیا جاتا مگر ترکی کے استنبول ائیرپورٹ پر انہیں نیا بورڈنگ پاس دے کر ان کی منزل لیبیا کردی جاتی۔#