ْوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کی ملاقات

ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہوں گی:شہباز شریف گلگت بلتستان کے عوام کیلئے تعلیم ٬صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کے گراں قدر تعاون پر شکرگزار ہیں:حافظ حفیظ الرحمان

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:01

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاںگلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے ملاقات کی۔گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے پاکستان مسلم لیگ(ن)٬پنجاب کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کو مبارکباد دی۔حافظ حفیظ الرحمان نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی صلاحیتوں کی تعریف کی اورکہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جس طرح عوامی خدمت میں مصروف رہتے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔

گلگت بلتستان کے عوام کیلئے تعلیم ٬صحت٬ فنی تربیت اوردیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کے گراں قدر تعاون پر شکرگزار ہیں۔گلگت بلتستان کے وزیراعلی نے ادویات کی فراہمی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر وزیر اعلی شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور ہم پنجاب کے تعلیمی اداروں اورمیڈیکل کالجوں میںگلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کیلئے خصوصی کوٹے اور وظائف کی فراہمی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں- وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بسنے والے عوام ہمارے بہن بھائی ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو تعلیم اورصحت کے ساتھ دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گی۔انہوںنے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں اورمیڈیکل کالجوں میں گلگت بلتستان کے بچوں و بچیوں کے لئے خصوصی کوٹہ مقرر کیاگیاہے اور گلگت بلتستان کے بچوں اوربچیوں کو اعلی تعلیم کیلئے خصوصی وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں اور گلگت بلتستان حکومت کو پنجاب حکومت سی ٹی سکین مشین بھی فراہم کرے گی اورپنجاب حکومت کے ان اقدامات سے بھائی چارے٬ یکجہتی اور یگانگت کو فروغ ملا ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کی خدمت میری زندگی کا مشن اورخدمت کی سیاست ہی مسلم لیگ(ن) کا اوڑھنا بچھونا ہے۔

پاکستان کے مفادات کا تحفظ سب سے زیادہ مقدم ہے ۔ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے ہم سب نے ملکرکام کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو گمراہ کرنے والے بعض سیاسی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام ہوں گے۔عام انتخابات کے بعد بلدیاتی الیکشن گلگت بلتستان٬آزاد کشمیراورضمنی انتخابات میں بھی ان عناصر کو شکست ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا سیاست نے 2014ء میں پاکستانی معیشت کا دھڑن تختہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کی باتیں ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازش ہے ۔باشعور عوام اب کسی کوروشن اورخوشحال پاکستان کی جانب سفر میں ر خنہ نہیں ڈالنے نہیں دیں گی-انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے اور آئندہ 18 ماہ میں ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے۔

ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔ آج ملک بھر میں تمام ترقیاتی منصوبے چاہے وہ میٹرو بس ہو ٬ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین ہو٬ سیف سٹی پراجیکٹ ہو یا توانائی کے منصوبے٬ یہ تمام منصوبے شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہوں گی -