ایم کیو ایم صرف ایک ہے جس کے قائد اور بانی الطاف حسین ہیں٬ ایم کیو ایم کی املاک کا کوئی اور دعویٰ نہیں کر سکتا٬ مومن خان مومن

الطاف حسین کسی کو کاغذات جمع کرانے کے لئے رجسٹرار کے پاس بھیجیں تو وہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ مالک بن گیا ہے

جمعرات 20 اکتوبر 2016 22:01

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن مومن خان مومن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم صرف ایک ہے جس کے قائد اور بانی الطاف حسین ہیں٬ ایم کیو ایم کی املاک کا کوئی اور دعویٰ نہیں کر سکتا٬ الطاف حسین کسی کو کاغذات جمع کرانے کے لئے رجسٹرار کے پاس بھیجیں تو وہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ مالک بن گیا ہے۔

ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس سابق ایم پی اے ظفر راجپوت کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا جس میں لندن رابطہ کمیٹی کے حیدرآباد سیے تعلق رکھنے والے ممبر مومن خان مومن نے شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت الطاف حسین کی تصویر کرسی پر رکھ کر کرائی گئی٬ اجلاس میں ایم کیو ایم کی تحلیل کردہ شعبہ جات ٬ زون ٬سیکٹرز ٬یونٹس کے سابقہ ذمہ داران نے شرکت کی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

مومن خان مومن نے کہا کہ آج ایم کیو ایم کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے ایم کیو ایم میں صرف نائب قاصد تھے جو مالک بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ مائنس ون کوئی چیز نہیں الطاف حسین کو ایم کیو ایم سے اور ایم کیو ایم کو الطاف حسین سے کوئی جدا نہیں کر سکتا٬ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جدو جہد میں مہاجروں کے ساتھ سندھی٬پنجابی ٬بلوچی ٬پختون و دیگر قومیت کے لوگ شامل ہیں ہم اپنے اتحاد اور حوصلے سے مشکلات کا مقابلہ کرینگے٬ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے نام پر اسمبلیوں میں بیٹھے ارکان اسمبلی کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے کیونکہ انہوں نے اپنے قائد سے وفا نہیں کی٬ اس موقع پر الطاف حسین کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی اور کورس کے انداز میں شرکاء بہت دیر تک نعرے لگاتے رہے۔