اچھی طرز حکمرانی کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے٬ چیف کمشنر آر ٹی آئی کمیشن

جمعرات 20 اکتوبر 2016 21:55

پشاور۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء)چیف کمشنر خیبرپختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن عظمت حنیف اورکزئی نے کہا ہے کہ بہتر طرز حکمرانی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور طلاعات تک رسائی اور خدمات تک رسائی کے قوانین اس سلسلے میں حکومت کے اہم اقدامات ہیںجن کے سبب عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور منتخب بلدیاتی نمائندے ان قوانین کی بدولت عوامی توقعات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل میونسپل ہال پبی نوشہرہ میں رائٹ ٹو پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام خدمات تک رسائی کے قانون کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے منعقدہ بلدیاتی نمائندوں کے لئے آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع نائب ناظم نوشہرہ اشفاق٬ تحصیل ناظم مرتضیٰ الرحمان٬ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان اللہ٬ ساجد لالہ اورتحصیل ٬ یونین اور ویلج کونسلوں کے ناظمین اور ممبران کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

چیف کمشنر عظمت حنیف اورکزئی نے کہا کہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا محور اچھی طرز حکمرانی ہے جو کہ ایک اچھی سوچ ہے جس کے تحت احتساب ایکٹ ٬لوکل باڈی سسٹم اور خدمات تک رسائی کے قوانین عمل میں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایسا نظام تجویز کیا جس میں عوام کی خدمات اچھی ہوں٬ اس کے بنیادی عوامل میں شفافیت لانا اور کرپشن کاخاتمہ٬ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ٬سرکاری و نجی اداروں میں معلومات تک رسائی اور مقررہ مدت میں مسائل کا حل شامل ہیں۔

انہوںنے کہاکہ خدمات تک رسائی کے قانون سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتمادبحال ہو رہا ہیاور عوام اپنے مسائل کے حل کے سلسلے میں درپیش مشکلات کے سلسلے میں آر ٹی ایس سے استفادہ کر سکتے ہیں جس کے لئے فوکل پرسن مقرر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بلدیاتی ممبران سے کہا کہ عوام کو ان سے توقعات وابستہ ہیں اور وہ اس قانون سے آگہی حاصل کرتے ہوئے عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں کیونکہ صوبائی حکومت نے پورے اخلاص کے ساتھ یہ قانون نافذ کیا ہے تاکہ اس کا فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کی تجاویز اور درپیش مسائل ایک نوٹ کی شکل میں متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے تاکہ نظام میں مزیدبہتری لائی جا سکے۔