جموں و کشمیر سے متعلق وزیراعظم کے خصوصی نمائندوں کی برطانوی دارالعوام کی کمیٹی برائے خارجہ امور سے ملاقات

بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کیا کشمیر پر ’’سٹیٹس کو‘‘ کوئی آپشن ہی نہیں٬ سینیٹر عبدالقیوم اور رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ کی بریفنگ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں پہلے ہی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل ہیں٬ برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین ملک

جمعرات 20 اکتوبر 2016 21:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) جموں و کشمیر سے متعلق وزیراعظم پاکستان کے خصوصی نمائندوں نے جمعرات کو لندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں دارالعوام کی منتخب کمیٹی برائے خارجہ امور سے ملاقات کی اور انہیں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے خصوصی نمائندوں سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم اور رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر پر ’’سٹیٹس کو‘‘ کوئی آپشن ہی نہیں۔

انہوں نے پائیدار امن و سلامتی کیلئے انسانی حقوق کے عالمی ڈکلیریشن پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ تنازعہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے جس سے علاقائی اور بین الاقوامی امن کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

عبدالقیوم نے کہا کہ اگر کابل میں امن ضروری ہے تو یہ سرینگر میں بھی ضروری ہے۔ انہوں نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ عالمی امن کے مفاد میں اس تنازعہ کو حل کرنے میں تعاون کرے۔

قیصر احمد شیخ نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر پر جاری دو پڑوسیوں کے مابین تنائو خطہ میں ترقی اور خوشحالی کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ دونوں خصوصی نمائندوں نے برطانیہ اور اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈ مشن بھیجنے کا بھی مطالبہ کیا۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین ملک جو کمیٹی کی صدارت کر رہی تھیں٬ نے کشمیری عوام کی حالت زار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں پہلے ہی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ یاسمین ملک نے کہا کہ کمیٹی ارکان برطانوی حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ وہ کشمیر کا تنازعہ حل کرنے میں ثالث کا کردار ادا کرے۔