بجے مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ تاجروں کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا‘ منظور حسین وسان

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے صرف شادی ہالوں کو رات 10 بجے بند کرنے کا کہا تھا جبکہ شام 7 بجے مارکٹیں اور دکانیں بند کرنے کے حوالے سے صرف تجویز دی تھی٬ دکانیں اور مارکٹیں بند کرنے کا حتمی فیصلہ تاجروں کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا٬ آج ہونے والے اجلاس میں تاجر برادری نے مارکٹیں اوردکانیں بند کرنے پر اپنی الگ الگ آراء دی ہیں٬ پر فیصلہ سندھ حکومت کو کرنا ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں تاجربرادری کے رہنماوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو٬ مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب٬ مشیر محنت سعید غنی٬ سیکریٹری صنعت و تجارت عبدالرحیم سومرو٬ سیکریٹری محنت عبدالرشید سولنگی٬ تاجر رہنما عبدالصمد٬ اختیار بیگ٬ رضوان عرفان٬ عیتق میر سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تاجروں نے مارکٹین اور دکانیں بند کرنے سے متعلق مختلف اوقات کی تجاویز دی ہیں لیکن حتمی فیصلہ وزارتی کمیٹی یکم نومبر سے پہلے کر لے گی٬ رات دیر تک کھلنے والی مارکٹیں بند ہونی چاہئیں٬ سینما گھروں کے اوقات بازاروں اور مارکیٹوں سے مختلف ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری سے رائے لینے کا مقصد ان کو اعتماد میں لینا تھا اور ان کی آراء کو حتمی شکل کے بعد وزیر اعلی سندھ تک پہنچایا جائے گا٬ کراچی والوں کے متعلق دیر سے سونے اور اٹھنے کے تاثر کو ختم کرنا ہے٬ سندھ حکومت نے کراچی کو منفرد بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے٬ کاروبار جلد بند کروانا انہی اقدامات کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً تاجر حکومتی فیصلہ پر رضامند ہو گئے ہیں٬ امید ہے کہ باقی بھی اپنا فیصلہ مثبت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر بھی اچھے فیصلے کریں٬ اس سے حکومت ہی نہیں بلکہ تاجروں کو بھی فائدہ ہوگا۔