علی ٹرسٹ کے بانی محمود الحق علوی کی انسانیت کیلئے خدمات پوری قوم کیلئے صدقہ جاریہ ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

وفاقی وزیر ڈاکٹر احسن اقبال کا محمود الحق علوی کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی٬ اصلاحات ڈاکٹر احسن اقبال نے کہاہے کہ علی ٹرسٹ کے بانی محمود الحق علوی (مرحوم) کی انسانیت کیلئے خدمات پوری قوم کیلئے صدقہ جاریہ ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاریخ و آثار شناسی پاکستان کے زیراہتمام ممتاز سماجی شخصیت محمود الحق علوی مرحوم کی برسی کے موقع پر ان کے ایصال ثواب کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3برسوں سے محمود الحق علوی کے ساتھ میری بھی رفاقت رہی اور اس دوران ان کے جاری رفاحی منصوبوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ محمود الحق علوی اس دنیا سے تو چلے گئے لیکن وہ اپنے لئے رفاحی منصوبوں اور آنکھوں کے عطیات جیسی عظیم خدمات کی شکل میں اپنے لئے صدقہ جاریہ چھوڑ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیک اعمال دنیا اور آخرت میں انسان کے کام آتے ہیں جتنے نادار لوگوں اور بچوں کو علی ٹرسٹ سے بینائی ملی وہ رہتی دنیا تک ان کے لئے دعا گو رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علی ٹرسٹ کے بانی میں خودنمائی کا عصر دور دور تک نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ تقریب سے صاحبزادہ مجتبیٰ ہارون گل بادشاہ٬ پیر آف موہڑہ شریف٬ صاحبزادہ پیر بدر عالم جان اور انجمن تاریخ و آثار شناسی کے سربراہ ڈاکٹر غضنفر مہدی نے بھی خطاب کیا اور محمود الحق علوی مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوئوں٬ انسانیت کے لئے خدمات کا احاطہ کیا اور کہا کہ مرحوم ایک سچے عشق رسولؐ رکھنے والی شخصیت تھے۔

انہوں نے انسانیت کی خدمت کا جو مشن شروع کیا وہ جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے عرفان الحق علوی اور دیگر عزیز و اقارب کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا اور ملک اور قوم کی ترقی٬ سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :