پرفارمنگ آرٹس اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ سے عدم برداشت او رانتہا پسندی کا خاتمہ ہو گا‘خلیل طاہر سندھو

بھارت میں تنگ نظر اور تعصبانہ سوچ کے حامل حکمرانوں میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی سے بین الاقوامی سطح پر بھارت کا اصل چہرہ سامنے آیا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیربرائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ معاشرے میں مثبت سوچ کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ انتہائی اہم ہے۔ پرفارمنگ آرٹس اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے آئندہ نسل کو عدم برداشت اور تعصبانہ سوچ کے خاتمہ کا درس دینا ہوگا۔

نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے ضامن ہیں٬ ان کو تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کرکے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ اِن خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے محکمہ انسانی و اقلیتی امور پنجاب اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوٹ کے باہمی اشتراک سے ’’ بین المذاہب ہم آہنگی ٬ امن اور برداشت کے عنوان سے تین روزہ ڈرامہ فیسٹول کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی مایوسی ٬ جہالت اور تنگ نظری کے خاتمہ کے لیے ہمیں آرٹس اور غیر نصابی سرگرمیوں کو پروان چڑھانا ہوگا۔ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف ہماری ثقافت کا تحفظ ہوگا بلکہ معاشرے میں نئے رجحانات متعارف ہوں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوٹ اور محکمہ انسانی حقوق کے تعاون سے انسانی حقوق کے حوالے سے آگاہی اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے اہم قدم اُٹھایا گیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ بھارت میں تنگ نظر اور تعصبانہ سوچ کے حامل حکمران حکومت کر رہے ہیں۔ پاکستانی اداکاروں اور فنکاروں پر پابندی لگا کر بھارت نے ساری دنیا میں اپنا تماشا لگایا ہے۔ پاکستانی قوم محبت ٬ امن اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات کی خواہش مند ہے لیکن ملک کی جغرافیائی اور ثقافتی نظریات پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینگے۔

خلیل طاہر سندھ نے یونیک کے طلباء و طالبات کی جانب سے تقریب میں برداشت اور امن و امان کے حوالے سے پیش کئے گئے ’’پلے‘‘ بھی دیکھے ۔ اُنہوں نے طلبا و طالبات کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے یونیک گروپ کے اساتذہ کی تعریف کی۔ تقریب میں ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوٹ پروفیسر امجد علی خان ڈائریکٹر جہانزیب ٬ ڈائریکٹر فریحہ٬ پروگرام منیجر ڈوالفقار بٹ نے شرکت کی۔ ڈرامہ فیسٹول تین روز تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :