تاجروں کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے دس سالہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کی سہولت کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے تاجروں کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے دس سالہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کی سہولت کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو 17 نومبر کے لئے نوٹس جاری کردیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار شیراز ذکاء کی جانب سے تاجروں کے لئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ انکم ٹیکس ایکٹ میں ترمیم کرکے تاجروں کو دس سال کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے سے چھوٹ دی گئی ہے اور تاجروں کو دس سال کی دولت ٹیکس کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے سے بھی استشنیٰ دیا گیا ہے جو کہ امتیازی سلوک ہے اور حکومت کا یہ اقدام غیر آئینی ہے۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت صرف تاجروں کو استثنی دینے کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔جس پر فاضل عدالت نے وفاقی حکومت کو 17 نومبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔