صوبائی محصولات وٹیکس اکٹھا کرنے میں محکمہ ایکسائز کا کردار انتہائی اہم ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

ملازمین کی کیپسٹی بلڈنگ کے لئے پیشہ وارانہ کورسز کروائے جائیں سروس ڈیلیوری میکنزم بہتر ہو٬ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو پکڑنے کے لئے صوبائی سطح پر گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے‘ صوبہ بھر کے اضلاع میں نمبر پلیٹوں کی ڈیلوری کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے ‘صوبائی وزیر ایکسائز

جمعرات 20 اکتوبر 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صوبائی محصولات وٹیکس اکٹھا کرنے میں محکمہ ایکسائز کا کردار انتہائی اہم ہے۔اس محکمہ کی کوششوں سے جمع ہونے والے ٹیکسوں سے عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کو مکمل کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری ایکسائز آفس میں ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز ڈاکٹر بلال احمد احمر٬ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کے علاوہ تمام اضلاع کے ایکسائز افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو پکڑنے کے لئے صوبائی سطح پر گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے اور اس مہم میں محکمہ کسٹم کی معاونت لی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فعال استعمال انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔محکمہ ایکسائز نے گزشتہ سالوں میں کمپیوٹر ٹیکنالوجی کو اپنا کر محکمانہ کارکردگی بہتر بنائی ہے جس سے محکمانہ ریونیو میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر سروس بھی میسر آئی ہے۔میاںمجتبیٰ شجاع الرحمان نے ہدایت کی کہ ملازمین کی کیپسٹی بلڈنگ کے لئے پیشہ وارانہ کورسز کروائے جائیں تاکہ سروس ڈیلیوری میکنزم بہتر ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی کوششوں سے پنجاب میں گڈگورننس کو عملا نافذ کیا گیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے ۔اسی طرح بہتری کا عمل جاری رہنے سے پنجاب کا شمارترقی یافتہ صوبے کے طور پر ہوگا۔انہوں نے محکمہ کے افسران کو کہا کہ محکمہ کے امیج کو بلند کیا جائے اور محکمہ میں کالی بھیڑوں کے خاتمہ کے لئے فوری تادیبی کارروائی کرکے ایسے عناصر کو محکمہ سے نکال باہر کیا جائے۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال کی نسبت2016-17 میں ماہ ستمبر کے محصولات میں خاصہ اضافہ ہوا ہے اور ٹیکسوں کی وصولی کے عمل میں شفافیت آئی ہے۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ صوبائی ٹیکسوں میں پوٹینشل بہت ہے مگر اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کہ صوبہ بھر کے اضلاع میں نمبر پلیٹوں کی ڈیلوری کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے جس سے اب تک70 فی صد سے زائد نمبر پلیٹس مالکان کے حوالے کی جا چکی ہیں اور لاہور میں نئی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو موقع پر ہی ڈیلور کر دیا جاتا ہے جس سے ڈیلوری کے عمل میں بہتری آئی ہے۔

بعدازاں صوبائی وزیر نے دیال سنگھ مینشن(گول بلڈنگ) پر قائم ٹی سی ایس آفس میں رابطہ سنٹر کا افتتاح کیا۔ جس کا مقصد پرانی نمبر پلیٹوں کی معلومات اور ڈیلوری کے عمل کو تیز تر کرنا ہے تاکہ کافی عرصہ سے پڑی بھاری تعداد میں نمبر پلیٹوں کو ان کے مالکان تک پہنچایا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسی طرح ملتان٬ساہیوال اور بہاولپور میں ٹی سی ایس کے رابطہ سنٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں سے مالکان اپنی نمبر پلیٹوں کی معلومات اور نمبر پلیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔