پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 32 لیگی چیئرمینوں کو شوکاز نوٹس جاری٬ جنرل سیکرٹری لاہور اقلیت ونگ کی رکنیت منسوخ

چیئرمینوں نے پارٹی اتھارٹی کے بغیر مخصوص نشستوں پر امیدوار تجویز کیے٬ مسئلے پر مسلم لیگ (ن) لاہور کی قیادت کا ہنگامی اجلاس

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 32 لیگی چیئرمینوں کو شوکاز نوٹس جاری٬ جنرل سیکرٹری لاہور اقلیت ونگ چوہدری یوسف جاوید کی رکنیت منسوخ کر دی گئی٬ چیئرمینوں نے پارٹی اتھارٹی کے بغیر مخصوص نشستوں پر امیدوار تجویز کیے٬ مسئلے پر مسلم لیگ (ن) لاہور کی قیادت کا ہنگامی اجلاس ہوا۔تفصیلات کے مطابق چیئر مینوں کی پارٹی اتھارٹی کے بغیر مخصوص نشستوں پر امید وار تجویز کرنے پر مسلم لیگ (ن) لاہور کی قیادت نے نوٹس لے لیا٬ مسئلے پر نصیر آباد لیگی آفس میں اجلاس ہوا٬ اجلاس میں محمد پرویز ملک٬ خواجہ احمد حسان اور خواجہ عمران نذیر نے خصوصی شرکت کی۔

محمد پرویز ملک نے کہاکہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جواب دہ ہونا ہوگا٬ چیئرمینوں کے خلاف پارٹی ایکٹ کے آرٹیکل 7 کے تحت کارروائی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

خواجہ احمد حسان نے کہاکہ پارٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی٬ میاں نوازشریف٬ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پارٹی میں ڈسپلن لانا چاہتے ہیں جس پر ہر کارکن کوعمل کرنا ہوگا۔خواجہ عمران نذیر نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔خواجہ عمران نے کہا کہ مسئلے پر تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جس کے سربراہ ایم پی اے رمضان صدیق بھٹی ہوں گے جبکہ چوہدری شہباز اور تنویر ضیا بٹ کمیٹی کے ممبر ہونگے۔ خلاف ورزی کرنے والے چیئرمین 3دن کے اندر کمیٹی کو جواب داخل کرائیں گے۔

متعلقہ عنوان :