افغانستان ٬ امریکی ڈرون حملے میں گروپ کمانڈر سمیت طالبان کے 8جنگجو ہلاک ٬ متعدد زخمی

ضلع سیاگرد میں طالبان کے اجتماع کونشانہ بنایا گیا٬عسکریت پسند حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ٬سیکورٹی حکام ہلمند میںبارودی سرنگ کا دھماکہ٬ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:20

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں گروپ کمانڈر سمیت طالبان کے 8جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ پروان میں غیر ملکی فورسز نے طالبان کے ایک اجتماع کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا جس میں گروپ کمانڈر سمیت 8جنگجو ہلاک ہوگئے۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ ضلع سیاگرد میں کیا گیا جس میں 8طالبان جنگجو جن میں گروپ کمانڈر بھی شامل ہے مارے گئے ۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے جب انھیں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔طالبان کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔افغانستان میں امریکی فورسز نے حالیہ مہینوں کے دورانعسکریت پسند گروپوں کے خلاف ڈرون حملوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ادھر جنوبی صوبہ ہلمند میںبارودی سرنگ کے دھماکے میں 4شہری ہلاک ہوگئے ۔صوبائی حکام کاکہنا ہے کہ واقعہ ضلع کاجکئی میں پیش آیا جہاں شہریوں کی گاڑی سڑک پر نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3خواتین اور ایک بچہ ہلاک ہوگیا۔تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔