تاجر برادری ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے کی حکومتی کوششوں میں تعاون کرے٬ ملک کی بہتر ترقی اور عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے حکومت ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کوشش کر رہی ہے٬ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے سی ڈی اے بورڈ میں چیمبر کو نمائندگی دینے کی سفارش کی جائے گی

صدر ممنون حسین کی کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں بات چیت

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ملک کی بہتر ترقی اور عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے حکومت کو ٹیکس ریونیو میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کوشش کر رہی ہے لہذا تاجر برادری ان کوششوں میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا ان کے مسائل کے بہتر حل کیلئے سی ڈی اے بورڈ میںاسلام آباد چیمبر آف کامرس کو نمائندگی دینے کی سفارش کی جائے گی۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے چیمبر کے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ممنون حسین نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے ملک میں بہت سے ترقیاتی کاموں کے فروغ پانے کے ساتھ ساتھ کاروبار٬ سرمایہ کاری اور روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے لہذا نجی شعبہ اس اہم منصوبے کی ترقی میں بھرپور شرکت کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے چیمبر کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تا کہ اس خطے میں صنعتی سرگرمیوں کو مزید بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کلب اور سٹیزن کلب کے گورننگ بورڈز میں بھی اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو مناسب نمائندگی د ینے کی سفارش کی جائے گی تا کہ تاجر برادری کو کلب کی بہتر سہولیات میسر ہوں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے صدر پاکستان جناب ممنون حسین کو تاجر برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا تا کہ حکومت ان کو حل کرنے کی طرف بہتر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی کوششوں میں تاجر براری حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے 90فیصد سے زائد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں لہذا حکومت سی ڈی اے بورڈ میں چیمبر کو نمائندگی دے جس سے تاجروںوصنعتکاروں کے مسائل کو جلدحل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے I-17سیکٹر میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ ماضی میں متعدد اجلاس منعقد کئے کیونکہ اسلام آباد کی موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں مزید صنعتیں لگانے کی گنجائش نہیں رہی اور اس سلسلے میں کچھ پیش رفت بھی کی گئی تھی لیکن بعد میں یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کو سی ڈی اے دوبارہ بحال کرے تا کہ I-17میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم ہونے سے علاقے میں صنعتی سرگرمیوں اور نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کلب اور سٹیزن کلب کے گورننگ بورڈز میں بھی اسلام آباد چیمبر کو مناسب نمائندگی دی جائے جس سے تاجر برادری کے مفادات کابہتر تحفظ ہو گا۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک٬ نائب صدر طاہر ایوب٬ خالد جاوید٬ طارق صادق٬ محمد اکرم فرید٬ زبیر احمد ملک٬ میاں شوکت مسعود٬ ظفر بختاوری٬ محمد اعجاز عباسی٬ زاہد مقبول٬ محفوظ الٰہی٬ عاطف اکرام شیخ٬ مزمل صابری٬ خالد چوہدری٬ شیخ عامر وحید٬ شوکت علی٬ چوہدری محمد نعیم٬ محمد زکریہ اے ضیا٬ محترمہ فا طمہ عظیم اور چوہدری وحید الدین شامل تھے۔