وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس ٬24اکتوبر یوم تاسیس ٬27اکتوبر یوم سیاہ کے انتظامات بارے بریفنگ دی گئی

نئی نسل کوکشمیر ایشو سے روشناس کرنے کیلئے تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرام منعقد کروائے جائیں ٬ محمد فاروق حیدر نئی نسل کو تاریخ سے آگاہ رکھنے کیلئے نصاب میں کشمیر ایشو کو بطور خاص شامل کیا جائے ٬اجلاس سے خطاب

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:14

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموںو کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت 24اکتوبر یوم تاسیس اور 27اکتوبر یوم سیاہ کے انتظامات کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت وسماجی بہبود نورین عارف٬ وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی٬ممبران اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان٬چوہدری شہزادمحمود٬ مصطفی بشیر عباسی ٬انسپکٹر جنرل پولیس بشیر میمن٬ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیور احسان خالد کیانی٬سیکرٹریز حکومت اور سربرہان محکمہ جات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میرنے یوم تاسیس اور یوم سیاہ کے انتظامات کے حوالہ سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کوکشمیر ایشو سے روشناس کرنے کے لیے یونیورسٹیوں اور کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرام منعقد کروائے جائیں اور نصاب میں کشمیر ایشو کو بطور خاص شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہی حاصل ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال یوم تاسیس کو شایان شان طریقے سے منا ئیں گے اور اس موقع پر کشمیر میںبھارتی افواج کی جانب سے جاری ظلم وبربریت کو بھرپور اندازمیں اجاگر کیاجائیگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر بڑی احتجاجی ریلی منعقد کی جائے گی جس میں وزراء حکومت٬ممبران اسمبلی٬سیکرٹریز ٬سربراہان محکمہ جات اور ملازمین کے علاوہ شہریوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائیگا۔

اس موقع پر سکولوں ٬کالجوں اور یونیورسٹیوںمیں کشمیر ایشو کے حوالہ سے تحریری وتقریری مقابلہ جات منعقد کروائے جائیں جن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو حکومت انعامات بھی دے گی۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد ہمارا عارضی ٹھکانہ ہے ریاست کا مستقل دارالحکومت سرینگرہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب ہم سب ریاست کی حقیقی دارالحکومت میںاکھٹے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی تاریخ کے بارہ میں مکمل آگاہی فراہم کرنا ہمارافرض ہے تاکہ کشمیر ایشو کے ساتھ ہمارا تعلق قائم رہے اور ہماری نوجوان نسل کا آگاہی ہو۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے جو قربانیاں دی ہیں انہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ا ب و و وقت دور نہیں جب آرپار کے کشمیر مل کر آزادی کی خوشیاںمنائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کی قربانیوںکو فراموش نہیں کر سکتے جنہوں نے اپنے مقدس خون کا نذرانہ دے کر آزادی کی شمع کو گزشتہ ستر سال سے زندہ رکھا ہوا ہے اور تحریک آزادی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ اب مقبوضہ کشمیر میں بھی آزادی کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔

متعلقہ عنوان :