کارکن 2018کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں ٬بلاول بھٹو زرداری

پارٹی قیادت سندھ سمیت تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں متحرک اور پرجوش نئی باڈیوں کا اعلان کرنے جا رہی ہے٬ چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام پارٹی کارکنان اور جیالوں پر زور دیا ہے کہ وہ 2018کے عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں شروع کریں کیونکہ پارٹی قیادت سندھ سمیت تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں متحرک اور پرجوش نئی باڈیوں کا اعلان کرنے جا رہی ہے٬ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کی صدارت کے حتمی تین امیدواروں سید قائم علی شاہ٬ نثار احمد کھوڑو اور مولا بخش چانڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا٬ اس موقع پر ایم این اے فریال تالپر بھی موجود تھیں٬ بلاول بھٹو زرداری نے تینوں امیدواروں سے انفرادی انٹرویوز لیے٬ اس موقع پر سید قائم علی شاہ٬ نثار احمد کھوڑو اور مولابخش چانڈیو نے پارٹی چیئرمین کو پارٹی اور کارکنان کی توقعات پر پورا اترنے اور کسی بھی چیلینج سے نمٹنے کے لیے اپنے اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں٬بلاول بھٹو زرداری نے تینوں امیدواروں کی پارٹی کے لیے محنت اور قربانیوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت ہمیشہ سے کارکنان اور جیالوں کی رائے کا احترام کرتی ہے اور تمام نئی تنظیمیں اس کی عکاس ہونگی۔