تیتر کا شکار٬47تحصیلیں اوپن کرنے کیلئے سفارشات تیار

تیتر کی زیادہ آبادی والی تحصیلیںہی کھولی جائینگی تاکہ شکاریوں کو مایوسی نہ ہو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء)ڈائریکٹرجنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالدعیاض خان نے کہا ہے کہ یکم دسمبر 2016ء سے کالے اوربھور ے تیترکے شکار سیز ن کیلئے صوبہ بھر کی صرف ان تحصیلوں کو اوپن کیا جائے گا جہاں تیتروں کی آبادی زیادہ ہے ۔انہوں نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے سینئروائلڈلائف افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے جبکہ اعزازی گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔انہو ں نے تما م افسران سے ان کے متعلقہ ڈویژنوں میں تیتروں کی زیادہ آبادی والی تحصیلوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں تاکہ شکار سیزن کے لیے تحصیلوں کا انتخاب کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

خالد عیاض خان نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات شکار کیلئے تحصیلوں کو اوپن اوربند رکھنے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت فیصلہ کرتا ہے اور تیتروں کی زیادہ آبادی والی تحصیلوں میں شکاریوں کو مواقع فراہم کئے جاسکیں جبکہ بند رکھی جانیوالی تحصیلوںمیں تیتروں کی نسل کی افزائش ہوسکے۔ڈی جی جنگلی حیات نے تمام افسران کی طرف سے تیتروں کی آبادی کی رپورٹس کاجائزہ لے کر 47تحصیلیں شکار کیلئے اوپن کرنے بارے سفارشات تیار کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ اعلیٰ حکام سے منظوری حاصل کرکے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکے ۔