سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے آگاہی مہم شروع کی جائے٬ریجنل چیف کمشنر

جمعرات 20 اکتوبر 2016 17:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) ریجنل چیف کمشنر انکم ٹیکس ایبٹ آباد محمد اسلم نے انکم ٹیکس کے فیلڈ فارمیشنز کے افسران کو عوام میں انکم ٹیکس کے سالانہ گوشواروں کو جمع کرنے کے سلسلہ میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے٬ انہوں نے یہ بات ہزارہ ڈویژن کے انکم ٹیکس آفیسرز کے ایک خصوصی اجلاس جو جمعرات کو ریجنل انکم ٹیکس آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا٬ میں کی۔

اجلاس میں کمشنر انکم ٹیکس زون اے سردار ارشد ظفر٬ کمشنر زون بی مرزا خان٬ ایڈیشنل کمشنرز٬ ڈپٹی کمشنر ز٬ اسسٹنٹ کمشنر ز٬ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آڈٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی٬ چیف کمشنر محمود اسلم نے ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد ٹیکس سنٹرز ہری پور اور مانسہرہ میں خصوصی ڈیسک کے قیام کا بھی اعلان کیا جہاں سینئر اور تجربہ کار افسران و عملہ ٹیکس گذاروں کو ٹیکس ریٹرن کے بارے میں ہر قسم کی معلومات فراہم کریں گے جس میں این ٹی اے نمبر کا حصول٬ انکم ٹیکس ریٹرن تیار کرنا اور ٹیکس کی ادائیگی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ جن ٹیکس گذاروں نے ٹیکس نمبر حاصل کیا ہے اور کسی بھی وجہ سے ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائی ان کو خصوصی طور پر تلاش کر کے ان کی ریٹرن جمع کرائی جائیں اور نئے ٹیکس گزاروں تک رسائی حاصل کی جائے٬ محمود اسلم نے حکومت کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کو سہولیات کے بارے میں خصوصی آگاہی مہم کے سلسلہ میں کاروباری حضرات٬ ٹریڈرز کی تنظیموں٬ ٹیکس بار کے وکلاء کے ساتھ رابطہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فائلرز اور نان فائلرز کے فرق کو واضح طور پر بتانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی جس کے مطابق ریٹرن جمع کرانے والے کو ٹیکس میں چھوٹ اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ چیف کمشنر نے مقررہ تاریخ 31 اکتوبر 2016ء کے بعد خصوصی ٹیموں کی تشکیل کی ہدایت کی جو ڈور ٹو ڈور چیکنگ کر کے نان فائلرز کو جرمانے کریں گے جس میں ان کی نااہلیت اور این ٹی این کے بلاک کرنے کے اقدامات بھی ہوں گے۔