ڈرگ انسپکٹر اور ڈی ڈی ایچ اوکے چھاپے٬ متعدد میڈیکل سٹور و کلینک سیل ٬بیکریوں کوجرمانے

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:53

خانپور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء)ڈرگ انسپکٹر اور ڈی ڈی ایچ اوکے مختلف علاقوں میںچھاپے٬ متعدد میڈیکل سٹور سیل کرنے کے علاوہ کئی بیکریوں کو ناقص صفائی کے انتظامات پر جرمانے کردئیے گئے ٬تفصیل کے مطابق ڈرگ انسپکٹر خان پور امجد فاروق نے ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر نجیب عالم کے ہمراہ ظاہر پیر میں اچانک چھاپہ مارا جہاں پر ذاکر خان نامی شخص ایم بی بی ایس کا بورڈ آویزاں کر کے میڈیکل سٹور چلا رہا تھا جسے ڈاکٹر ذاکر خان ایم پی اے ایس کے نام سے منسوب کر رکھا تھا جسے ایم بی بی ایس کی ڈگری نہ ملنے پر سیل کر دیا گیا اسی طرح ججہ عباسیاں میں صدیق بیکری پر چھاپہ مارا گیا جہاں پر ناقص مٹھائی اور صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہونے پر بیکری مالک کو 20ہزار روپے موقع پر جرمانہ کیا گیا اسی طرح ظاہر پیر میں موجود اعجاز سوئیٹس اور وہان سوئیٹس کو 10/10 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے دریں اثناء ڈرگ انسپکٹر امجد فاروق اور ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر نجیب عالم نے سہجہ کے علاقہ میں نیم حکیم کی دکان پر چھاپہ مارا جسے سیل کرنے کے بعداس کا چالان کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈرگ انسپکٹر امجد فاروق اور ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر نجیب عالم نے کہا کہ اتائیوں اور مضر اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اس مہم کے دوران بلا امتیاز کاروائیاں کی جائیں گی ۔