عوام ملکی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں٬ رانا بابرحسین

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:51

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کراب تک ریاست کو بندکرنے کی کوئی مثال نہیں ملتی٬ دھرنوں کے شوقین کچھ لوگوں کو ایک بار پھر افراتفری پھیلانے کا عارضہ لا حق ہو گیاہے٬ اپنی ’’واری‘‘ کا مطالبہ کرنے والے درحقیقت پاکستان پر وار کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کا کینسر کے مریضوں کیلئے دیا گیا چندہ آف شور کمپنیوں میں لگایا‘شوکت خانم کی 2010ء اور 2015ء کی آڈٹ رپورٹ میں بھی سب کچھ بے نقاب ہوگیا ہے ٬2 نومبر کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دی ہوئی ہے‘ پی ٹی آئی کے سربراہ ایک طرف تو آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف خود ریاست اور ریاستی ادارے بند کرنے جارہے ہیں ‘یہ اقدام خطرناک ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر حکومت نے روز اول سے مثبت کوششیں کیں ہیں٬ جب ملک میں ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے جاری ہے تو دھرنوں کے شوقین کچھ لوگوں کو ایک بار پھر افراتفری پھیلانے کا عارضہ لا حق ہو گیا ہے ٬ عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالف یہ عناصر ترقی کی راہ روکنے کے درپے ہیں٬ اپنی ’’واری‘‘ کا مطالبہ کرنے والے درحقیقت پاکستان پر وار کرنا چاہتے ہیں٬ عوام ان عناصر کو پہچانیں اور ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے ان لوگوں کے عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں٬ احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والے پاکستان کی مدد کرنے کی بجائے اس کی دشمنی پر اترآئے ہیں٬ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں روڑے اٹکانے والے عناصر کا راستہ ہر صورت روکنا ہے ۔