والڈ سٹی اتھارٹی کا آپریشن٬ لوہاری میں عمارت کا قبضہ واگزار کرا لیا

سیاحتی مراکزپر ناجائز تعمیرات اور قبضوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی‘ رفعت پاشا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) والڈ سٹی اتھارٹی نے لوہاری دروازے میں آپریشن کر کے عمارت واگزار کرالی۔قابضین گزشتہ 40سال کے طویل عرصے سے عمارت پر قابض تھے۔واضح رہے کہ 2014سے روشنائی دروازے کے علاوہ تمام دروازوں کا انتظام و انصرام والڈ سٹی اتھارٹی کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول رفعت پاشا کا کہنا تھا کہ اس قبضے کو واگزار کروانے کے لئے بارہا مذاکرات کئے گئے لیکن کوئی فائدہ نہ ہوا۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات بلڈنگ کنٹرول کے عملہ نے آپریشن کرکے قبضہ واگزار کرالیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لوہاری دروازے میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کے لئے سیل بنایا جائے گا۔اندرون لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی قائم ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ اندرون لاہور کی بحالی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ لوہاری دروازہ اہمیت کا حامل ہے۔تمام دروازوں کو سیاحتی مرکز بنایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں پہلے دہلی دروازے سے بھی ناجائز تجاوزات کا صفایا کیا گیا ہے۔ قبضہ گروپوں اور ناجائز تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔