ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے٬لاہور چیمبر

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:42

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عبدالباسط٬ سینئرنائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کا اعلان کرے کیونکہ بہت سے مسائل کی وجہ سے تاجروں کی اکثریت اپنی ریٹرن ابھی تک جمع نہیں کرواسکی اور 31اکتوبر تک بھی یہ کرپانا ان کے لیے تقریباً ناممکن ہوگا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام٬ چھٹیوں٬ ایف بی آر کے آن لائن سسٹم میں خرابیوں اور گذشتہ ماہ تاجر تنظیموں کے انتخابات کی وجہ سے تاجروں کی ایک بہت بڑی تعداد ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع سے حکومت کو اپنے ریونیو اہداف پورے کرنے میں مدد ملے گی اور نجی شعبے کو بھی سہولت ملے گی جس سے اس کا اعتماد بھی بڑھے گا ٬ معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اعتماد سازی بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن میں توسیع سے ایک بہت اچھا پیغام یہ بھی جائے گا کہ حکومت تاجر برادری کو بھرپور عزت و احترام دیتی اور اسے سہولیات دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کو تیار ہے٬ لامحالہ اس کے اثرات تجارت و سرمایہ کاری پر بھی مرتب ہونگے۔ انہوں نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں فوری توسیع کا اعلان کریں۔