حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں اقتصادی صورتحال بہتر ہو ئی ہے٬ تاجر برادری ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اضافہ ہو سکے

صدر مملکت ممنون حسین کی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کی سربراہی میں وفد سے گفتگو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:38

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں اقتصادی صورتحال بہتر ہو ئی ہے٬ تاجر برادری ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر خالد اقبال ملک کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور خطہ میں خوشحالی آئے گی٬ اس عظیم منصوبہ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تاجر برادری حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی معاشی اور اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں اور حکومت کی موجودہ معاشی ٹیم پاکستان کو آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران ملک کی ترقی اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور سازگار کاروباری ماحول مہیا کرنے پر حکومت کی کاوشوں کوسراہا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کاروبار میں اضافہ ہوا ہے اور تجارت کے مواقع ملے ہیں۔ چیمبر کے صدر نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار وفود کی شکل میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور انہوں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لحا ظ سے بہتر ملک قرار دیا ہے جو ایک مثبت قدم ہے۔ چیمبرکے صدر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مسائل کے بارے میں صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ جس پر صدر مملکت نے وفد کو مسائل کے حل کی یقین د ہانی کرائی۔