ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کا تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کا اعلان

رواں مالی سال کے دوران تاجر وں ٬صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی ٬ محمد سعید شیخ

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:37

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے عہدیداران اور مختلف قائمہ کمیٹیوں نے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے اپنے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کا اعلان کیاہے جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران تاجر وں ٬صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی اور پھر متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے ذریعے ان مسائل کو حل کیا جائے گا ۔

وہ فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کے بورڈ روم میں شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے عہدیداروں اور تاجر راہنمائوں کے ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صنعت و تجارت کے علاوہ شہری اور سماجی مسائل پر بھی غور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ان کو ریکارڈ کر لیا گیا ہے جب کہ ان مسائل کو چیمبر کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے گا تاکہ وہ ان کا ناقدانہ جائزہ لینے کے بعد ان کے فوری حل کیلئے قابل عمل تجاویز بھی دیں تاکہ چیمبر کے عہدیدار اور مجلس عاملہ کے ممبران مسائل کی اہمیت اور حساسیت کے حوالے سے ان کو وفاقی ٬صوبائی یا مقامی سطح پر اٹھاسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اپنے مختلف اجلاسوں میں اٹھائے جانے والے مسائل کے حل تک ان کا فالو اپ بھی کرونگاتاکہ چیمبر کے پلیٹ فارم کو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے حقیقی معنوں میں موثر اور فعال بنایا جا سکے ۔انہوں نے چیمبر کے اجلاسوں میں پروٹوکو ل کا خاص خیال رکھنے کی بھی درخواست کی کہ اس دوران کراس ٹاک نہیں ہونی چاہیئے ۔

اس سے قبل سابق صدر میاں جاوید اقبال نے کہا کہ اس اجلاس میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے وہ دراصل چیمبر کی منتخب قیادت کا ایجنڈا ہے اور انہیں اس کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہونگی۔ سینئر نائب صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ فیصل آباد کے مسائل کی فہرست بہت طویل ہے اس لئے ان کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے وقت لینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں نے ہمیں منتخب کیا ہے اس لئے ہمیں ہی ان کے مسائل کو حل کرنا ہے ۔انہوں نے سردیوں میںگیس کی بندش کے حالیہ اعلان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لے کر متعلقہ وفاقی حکام سے بات چیت کرنے کی ضرورت ہے ۔نائب صدر احمد حسن نے کہا کہ چیمبر کے پلیٹ فارم کو لوگوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے بھی استعمال کیا جا نا چاہیئے ۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد انتہائی منظم انداز میں تعمیر کیا گیا مگر ہم نے خود اس میں خرابیاں پیدا کیں جبکہ فیصل آباد ترقیاتی ادارہ نے بھی ماسٹر پلان کو فالو نہیں کیا ۔اس مشاورتی اجلاس سے سابق صدر چوہدری محمد نواز ٬انجینئر محمدرضوان اشرف٬ انجینئر سہیل بن رشید ٬شیخ محمد اشفاق ٬ عبدالقیوم شیخ ٬ چوہدری طلعت محمود گجر ٬ خالد پرویز ٬سید ضیاء علمدارحسین ٬حاجی محمد اسلم بھلی٬ چوہدری محمد اصغر ٬ راشد منیر ٬ فیضر نواز فیضی ٬چوہدری محمد اصغر گیراں والا ٬حاجی محمد عابد ٬ محمد عمر ٬ مرزا ہدایت اللہ ٬ مراز محمد افضل ٬ ملک محمد یعقوب اعوان نے بھی خطاب کیا اور مختلف مسائل کی نشاندہی کی ۔

متعلقہ عنوان :