فیصل آبادکے وکلاء کل اور پرسوں لاہور ہائیکورٹ بینچ کے قیام کیلئے ہڑتال کریں گے

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:37

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) فیصل آباد سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ ٬ چنیوٹ٬ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ڈسٹرکٹ بارز اور چاروں اضلاع کی تمام تحصیلوں کی تحصیل بارز ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران وکلاء جمعہ اور ہفتہ کو فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے مکمل احتجاجی ہڑتال کریں گے اور کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوگا جبکہ اس موقع پر بارز ایسوسی ایشنزکے صدور کی سربراہی میں جنرل ہا$سز کے اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے اور ضلع کچہریوں کے اندر ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کا بینچ قائم نہیں کر دیا جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں ڈویژن بینچز کا قیام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر قائم کئے جانے والے ہائی کورٹ بینچز کے قیام کا متبادل یا نعم البدل نہیں ہوسکتے٬انہوں نے کہا کہ لاہور میں ڈویژنل بینچز کا قیام کسی صورت قابل قبول نہیں ۔

دوسری جانب ہر ہفتے کے دوران دو روز کیلئے وکلاء کی مکمل احتجاجی ہڑتال کے باعث ہزاروں سائلین کو اپنے مقدمات کی پیشیوں کے ضمن میں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ خود عدالتوں میں حاضر ہو کر اپنے مقدمات کے سلسلہ میں آئندہ کی تاریخ پیشیاں حاصل کرتے ہیں٬دریں اثناء عوام الناس نے اپیل کی ہے کہ فیصل آباد میں جلد لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سستے و فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :