AJKRSPسمیت کوئی بھی سرکاری محکمہ یا پراجیکٹ ختم نہیں کیا جا رہا‘ترجمان حکومت آزاد کشمیر

مختلف محکموںکو ختم کرنے کے بارہ میں پھیلائی گئی خبریں حقائق کے منافی ہیں‘کمیٹی کی رپورٹ کے بعد مختلف محکموں کی آسامیوں میں کمی بیشی کر کے رائٹ سائزنگ کی جائے گی ۔ کسی کو بے روزگار نہیں کیا جائیگا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء)حکومت آزاد کشمیر کے ترجمان نے کہا ہے کہ AJKRSPسمیت کوئی بھی سرکاری محکمہ یا پراجیکٹ ختم نہیں کیا جا رہا۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ( ن) کی حکومت واضح عوامی مینڈیٹ کے ساتھ بر سراقتدار آئی ہے ۔ عوام کو روز گار اور انصاف مہیاکرنا اور خطہ کی ترقی مسلم لیگ( ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

مسلم لیگ ملک کی بانی جماعت اور قائد پاکستا ن میاں نواز شریف ملکی تعمیر وترقی کے معمار ہیں ۔ وزیرا عظم آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خا ن ٬ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں ۔ مختلف محکموںکو ختم کرنے کے بارہ میں پھیلائی گئی خبریں حقائق کے منافی ہیں ۔

(جاری ہے)

بلکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ تمام سرکاری محکموںکی کارکردگی بڑھانے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے اور وزارتی سطح پر ایک اصلاحاتی کمیٹی بنائی گئی ہے ۔ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد مختلف محکموں کی آسامیوں میں کمی بیشی کر کے رائٹ سائزنگ کی جائے گی ۔ کسی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گابلکہ جہاں پر اضافی عملہ تعینات ہے اسے دوسرے محکموں میں ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائیگا۔ کو آپریٹیوبینک کے بارہ میںترجمان نے کہا کہ کو آپریٹیو بینک کی نو آسامیوں کو سینٹرل پول میں شفٹ کیا گیا ہے کسی ملازم کو فارغ نہیں کیا گیااور جن محکموں میں ضرورت ہوگی سینٹرل پول سے ملازمین کو ان محکموں میں شفٹ کر دیا جائیگا۔