ملکی برآمدات میں کمی کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر مشکلات کا شکار٬ حکومت کاٹیکسٹائل سیکٹر کو200 ارب روپے کا پیکیج دینے کا امکان

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء)ملکی برآمدات میں کمی کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر مشکلات کا شکار ہوگیا ہے٬ جس کے بعد حکومت نے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے 200ارب روپے کا پیکج متوقع ہے۔وزیرتجارت خرم دستگیر کے مطابق 200ارب روپے کے پیکج کو ٹیکسٹال سیکٹر میں جدت اور بحالی کیلئے استعمال کیا جائے گا٬ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کیلئے پر عزم ہے۔

انھوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔واضح رہے کہ ملکی برآمدات میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا جارہا ہے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات میں 9فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اکتوبر میں پاکستان نے ایک ارب ڈالر سے زائد ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی تھیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملکی برآمدات میں کمی آئی ہے اور ستمبر 2016 کے دوران ستمبر 2015 کے مقابلے میں ملکی برآمدات میں 10.6 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی٬ جولائی تا ستمبر کے دوران درآمدات پونے گیارہ فیصد اضافے کے بعد 11 ارب 75 کروڑ ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 10 ارب 90 کروڑ ڈالر تھیں۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رواں مالی جولائی تا ستمبرکے دوران اب تک ملکی برآمدات میں 9 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے مختلف اقدامات کے لیی6 ارب روپے کے فنڈز کے اجرا کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔