چین اور فلپائن کا دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق٬دونوں ممالک میں13معاہدے

فلپائن کے ساتھ باہمی سیاسی اعتماد کو مضبوط بنایا جائے ٬حقیقی تعاون کو توسیع اور عوامی تبادلوں میں اضافہ کیا جائے ٬چینی صدر نے فلپائن کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے چار نکاتی تجاویز پیش کردیں فلپائن اور چین کے درمیان دوستی مضبوط ہے٬ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے٬ فلپائنی صدر

جمعرات 20 اکتوبر 2016 16:09

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) چین کے صدر شی جن پنگ نے چین اور فلپائن کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے چار نکاتی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی سیاسی اعتماد کو مضبوط بنانا چاہئے٬حقیقی تعاون کو توسیع دی جائے اور عوامی تبادلوں میں اضافہ کیا جائے اور فریقین کو علاقائی اور کثیر الطرفہ امور میں تعاون کوآگے بڑھانے کیلیے کوشش کرنی چاہئے جبکہ فلپائن کے صدرروڈریگو ڈوٹرٹ نے کہا کہ فلپائن اور چین کے درمیان دوستی مضبوط ہے٬ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے٬ ملاقات کے بعد چین اور فلپائن کے متعلقہ شعبوں کے درمیان تعاون کے تیرہ معاہدے بھی طے پا ئے گئے۔

جمعرات کو چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے صدر مملکت شی جن پنگ سے بیجنگ کے دورے پر آئے فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹرٹ نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کی بنیاد ی موقف اور مشترکہ مفادات کے پیش نظر عوام کی امیدیں کو اہمیت دیتے ہوئے چین فلپائن تعلقات کی بہتری کے لیے کوشش کی جائے۔ چینی صدر مملکت شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور فلپائن دونوں ترقی پزیر ممالک ہیں۔

اتحاد ٬ باہمی امداد ٬ تعاون اور ترقی ہمارا یکساں ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ چین اور فلپائن کے درمیان کچھ تنازعات موجود ہیں تاہم اس کے باوجود دونوں ملکوں میں خوشگوار ہمسائگی اور تعاون کی خواہش موجود ہے۔ چین٬ فلپائن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ فلپائن کے ساتھ مل کر باہمی سیاسی اعتماد اور تعاون میں اضافہ ہو اور اختلافات سے نمٹنے ہوئے بہتر تعلقات کے قیام کے لیے مشترکہ کوشش کی جائے۔

دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے لیے چینی صدر مملکت شی جن پھنگ نے چار نکاتی تجاویز پیش کیں۔ انھوں نے کہا کہ فریقین کو باہمی سیاسی اعتماد کو مضبوط بنانا چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ حقیقی تعاون کو توسیع دی جائے اور عوامی تبادلوں میں اضافہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ فریقین کو علاقائی اور کثیر الطرفہ امور میں تعاون کوآگے بڑھانے کیلیے کوشش کرنی چاہئے۔

اس موقع پر فلپائن کے صدر ڈوٹریٹ نے کہا کہ چین ایک عظیم ملک ہے۔ فلپائن اور چین کے درمیان دوستی مضبوط ہے۔انھوں نے کہا کہ آج کی ملاقات تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے اور اس دورے سے دونوں ملکوں کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ ملاقات کے بعد چین اور فلپائن کے متعلقہ شعبوں کے درمیان تعاون کے تیرہ معاہدے بھی طے پا ئے گئے۔

متعلقہ عنوان :