سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد٬آئندہ ہفتے کے لئے مختلف بین الاقوامی ایونٹس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 20 اکتوبر 2016 14:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت آئندہ ہفتے کے لئے مختلف بین الاقوامی ایونٹس کے انتظامات کے جائزہ کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںآئندہ ہفتے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لاریگرد اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر تاکی ہیکو نکائو کے دورہ پاکستان کے علاوہ وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون (سی اے آر ای سی) کی 15 ویں وزارتی کانفرنس کے اسلام آباد میں انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

وزارت خزانہ اور اقتصادی امور ڈویژن کے حکام نے اس حوالے سے تیاریوں کے بارے میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کوبریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون (سی اے آر ای سی) کی 15 ویں وزارتی کانفرنس رکن ممالک کو باہمی مفاد میں تعاون کو فروغ دینے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

وزارتی کانفرنس میں میزبان پاکستان کے علاوہ افغانستان٬ آذربائیجان٬ چین٬ قزاخستان٬ منگولیا٬ قرغزستان٬ تاجکستان٬ ترکمانستان٬ ازبکستان٬ جارجیا سے وفود شرکت کریں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اعلیٰ سطحی دورے اور وزارتی کانفرنس بین الاقوامی ترقیاتی پارٹنرز کے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کے عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار شرح نمو کے ساتھ ساتھ ملک کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموںکو ہدایت کی کہ ان بین الاقوامی ایونٹس کی کامیابی کے لئے مربوط انداز میں کام کریں۔ اجلاس میں وزارت خزانہ اور اقتصادی امور ڈویژن کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :