حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ‘اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کے حوالے سے قراردادیں موجود ہیں ‘ برہان وانی کی شہاد ت کے بعد مسلسل 104 روز سے کرفیو نافذ ہے ‘بیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں کشمیری زخمی ‘سینکڑوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے

سیکرٹری جموںوکشمیر لبریشن سیل ادریس عباسی کی نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور میں زیر تربیت آفیسران کو بریفنگ

جمعرات 20 اکتوبر 2016 14:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) سیکرٹری جموںوکشمیر لبریشن سیل ادریس عباسی نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کے حوالے سے قراردادیں موجود ہیں ۔ برہان وانی کی شہاد ت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 104سے کرفیو نافذ ہے بیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں کشمیری زخمی جبکہ سینکڑوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے بھارتی مظالم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تحریک کو کمزور نہیں کر سکتے ۔

کشمیر کی آزادی کی تحریک اس وقت پورے شباب پر ہے ان خیالات کااظہارا نہوں نے نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور میں تربیت حاصل کرنے والے آفیسران کو یہاں مظفرآباد میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جموںوکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان ٬ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی راجہ محمد اسلم خان بھی ان کے ہمراہ تھے نیشنل کالج لاہور سے آئے ہوئے وفد میں افشاں کرن امتیاز ٬چوہدری جاوید انور٬امتیاز احمد ٬سرفراز احمد ٬میاں محمد وقار ودیگر شامل تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جموںوکشمیر لبریشن سیل نے کشمیر کی جغرافیائی اور تاریخی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پچھلے 68برسوں سے ریاست کے ایک حصے پر بھارت نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے جبکہ دوسری جانب مقبوضہ وادی کے اندر آئے روز معصوم لوگوں کو ظلم وستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔بھارت نے اقوام متحدہ میں اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق رہنے کا حق دیا جائے گا مگر بھارت اپنے ہی وعدہ سے مکر گیا ہے ۔سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل پورے ایشیاء میں امن کی ضمانت ہے شہید برہان وانی کی شہادت کے بعد مسئلہ کشمیر کو نئی جہت ملی بریفنگ کے دوران شرکاء نے سوالوں کے انبار لگا دیئے جبکہ سیکرٹری کشمیر سیل نے تمام سوالات کے مفصل جواب دیئے ۔