وزیراعلی سندھ کی کمشنر کراچی کو زمینوں پر ناجائز قبضے ختم کرانے کی ہدایت

جتنی خالی اسامیاں ہونگی اتنی ہی بھرتیاں ہوں گی ٬اب زائد بھرتیاں برداشت نہیں کی جائینگی٬مراد علی شاہ

جمعرات 20 اکتوبر 2016 14:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو شہر کے ہر ضلع میں زمینوں پر نا جائز قبضے ختم کروا کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔جمعرات کووزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ِصدارت میں ملیر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری اورایڈیشنل چیف سیکرٹری بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلی کو بریفنگ دی گئی ہے کہ ملیر میں 113 اسکولوں کی عمارت کی تعمیرمکمل نہیں٬ مراد میمن گوٹھ پرصرف 5 ڈاکٹر ڈیوٹی پر آتے ہیں۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہرضلع کے ترقیاتی کاموں پر توجہ دی جائے گی٬ کمشنر کراچی ہر ضلع میں جاکر میٹنگ کریں٬ ملیر کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے جبکہ سڑک٬ تعلیم اوردیگرشعبوں میں ملیرکے عوام کو آگے لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کمشنرکراچی زمینوں پر ناجائز قبضے ختم کروا کر قبضہ مافیا کو جیل بھیجیں۔صوبائی محکموں میں خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے بھرتیوں پراجازت دی ہے لیکن جتنی خالی اسامیاں ہوں گی اتنی ہی بھرتیاں ہوں گی اوراب زائد بھرتیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔مراد علی شاہ نے کہاکہ جو کام نہیں کرے گا وہ ہم میں سے نہیں ہوگا جبکہ اجلاس میں وزیراعلی نے وزیرِ صحت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے مراکزسے قبضے ختم کراکررپورٹ دی جائے اورجوڈاکٹرزڈیوٹی نہیں کرتے انہیں فارغ کریں۔

متعلقہ عنوان :