داعش کے مدح سرا سعودی شاعر کو چھ سال قید

عدالت نے جیل کی سزا پوری ہونے کے بعد اس کے سعودی عرب سے باہر جانے پر بھی پابندی عاید کردی

جمعرات 20 اکتوبر 2016 13:20

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2016ء) سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ایک خصوصی فوجداری عدالت نے داعش کی مدح سرائی میں شاعری کرنے اور نظمیں لکھنے والے شخص کو چھے سال قید کی سزا سنادی اور اس کے بیرون ملک جانے پر پابندی عاید کر دی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سعودی شہری پر داعش کی حمایت میں تکفیری نظریہ اختیار کرنے ٬جنگ زدہ علاقوں میں اس انتہا پسند گروپ کے ساتھ مل کر لڑنے کی منصوبہ بندی ایسے الزامات میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔

اس پر داعش میں شمولیت کے لیے انتہا پسندوں سے روابط رکھنے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کا بھی الزام تھا۔اس سعودی نے سوشل میڈیا پر مختلف اکاؤنٹس بنا رکھے تھے۔ اس کا مقصد داعش کے صفحات تک زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل کرنا تھا۔

(جاری ہے)

وہ جنگ زدہ علاقوں میں جانے کے لیے اس گروپ کے ساتھ ان ہی اکاؤنٹس کے ذریعے برقی مراسلت کیا کرتا تھا۔اس مجرم نے داعش کے سلوگن اور اس کے لیڈر ابو بکر البغدادی کے بیانات اور تقریروں کے کلپ محفوظ کر رکھ تھے تاکہ ان کے ذریعے لوگوں کو اس تنظیم میں شمولیت پر آمادہ کیا جاسکے۔

اس پر لائسنس کے بغیر اسلحہ اور ہتھیار خرید کرنے پر بھی فرد جرم عاید کی گئی تھی۔فوجداری عدالت نے اس سعودی کوان تمام الزامات میں قصور وار قرار دے کر چھے سال قید کی سزا سنائی ہے اور اس کی بندوقوں اور اسلحہ کے علاوہ موبائل فون کو ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے جیل کی سزا پوری ہونے کے بعد اس کے سعودی عرب سے باہر جانے پر بھی پابندی عاید کردی ہے۔عدالت کے حکم پر اس کا برقی میل اکاؤنٹ غیر فعال کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :