Live Updates

وزیراعظم جواب دینے کو تیار ہیں لیکن زکواة کے پیسوں کا حساب کون دے گا٬ خواجہ آصف

وزیراعظم نوازشریف نے پانامالیکس کے ابتدائی دنوں میں ہی خود کواحتساب کے لئے پیش کردیا تھا٬ 2012 سے پوچھ رہا ہوں کہ خیرات اور زکواة کے پیسے کہاں گئے٬ عمران خان نے 3600 گھربنانے کا وعدہ کیا تھا ٬ ایک گھر بھی دکھا دیں کہاں بنایا ٬ سیلاب زدگان کے گھر کون بنائے گا ٬سیلاب زدگان کے نام پر خیرات اور زکواة کے پیسوں اور شوکت خانم ہسپتال کے 70 لاکھ ڈالرز کا حساب کیوں نہیں دیا جارہا ہے٬وزیردفاع خواجہ آصف کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 13:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ احتساب مسلم لیگ (ن) کا بنیادی ستون ہے اور نوازشریف ہرسوال کا جواب دینے کو تیار ہیں لیکن زکواة کے پیسوں کا حساب کون دے گا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جس دن سے پاناما لیکس کا معاملہ بحث بنا وزیراعظم نوازشریف نے ابتدائی دنوں میں ہی خود کواحتساب کے لئے پیش کردیا تھا٬ سپریم کورٹ کو بھی جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے تحریر بھیجی ٬پارلیمنٹ میں گئے اور پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کے سامنے اپنے قائد کی جگہ ہم موجود ہیں٬ نوازشریف ہر سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں کیوں کہ مسلم لیگ (ن) کا بنیادی ستون احتساب ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی احتساب سے نہیں گھبرائے اور وزیراعظم نے بھی کبھی راہ فرار اختیارکرنے کی کوشش نہیں کی۔

(جاری ہے)

آئینی اداروں کی طرح عدالت کے سامنے موجود ہیں۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کیے اور 2 ہفتے بعد آئینی طور پر جواب بھی دیں گے۔ عوام کی عدالت بھی لگائی جائے گی اور وہاں بھی سرخرو ہوں گے لیکن زکواةکے پیسے کھانے والے بھی تو اپنا احتساب دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2012 سے پوچھ رہا ہوں کہ خیرات اور زکواة کے پیسے کہاں گئے٬ عمران خان نے 3600 گھربنانے کا وعدہ کیا تھا ٬وہ ایک گھر بھی دکھا دیں کہاں بنایا ہے٬ سیلاب زدگان کے گھر کون بنائے گا ٬سیلاب زدگان کے نام پر خیرات اور زکواة کے پیسوں اور شوکت خانم اسپتال کے 70 لاکھ ڈالرز کا حساب کیوں نہیں دیا جارہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات